مجالس مقامی انتخابات : تحفظات کی حد 50 فیصد تک محدود : ہائیکورٹ

حیدرآباد 9 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) حیدرآباد ہائیکورٹ نے آج ایک عبوری حکمنامہ جاری کرتے ہوئے ریاستی حکومت کو ہدایت دی کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ مجوزہ مجالس مقامی انتخابات میں او بی سیز اور دوسروں کو جو تحفظات دئے جا رہے ہیں وہ سپریم کورٹ ہدایات کے مطابق بحیثیت مجموعی 50 فیصد سے زائد نہ ہوں۔ ایک ڈویژن بنچ نے ریاستی حکومت کو ہدایت دی کہ وہ دیگر پسماندہ طبقات اور دوسری برادریوں کو مجالس مقامی میں تحفظات فراہم کرنے 50 فیصد کی اعظم ترین حد کی پابندی کرے ۔ بنچ نے مزید ہدایت دی کہ کسی بھی حال میں پچاس فیصد کی اعظم ترین حد سے تجاوز نہیں کیا جاسکتا ۔ عبوری حکمنامہ اے گوپال ریڈی نامی شخص کی درخواست پر جاری کیا گیا ۔ درخواست گذار کا ادعا تھا کہ ریاستی حکومت کوٹہ کی اساس پر انتخابات کروانا چاہتی ہے جو پچاس فیصد کی مقررہ حد سے کہیں زیادہ ہوسکتے ہیں۔