متھن چکرورتی نے 1.2 کروڑ روپئے واپس کردیا

کولکتہ 16 جون (سیاست ڈاٹ کام) ترنمول کانگریس ایم پی اور اداکار متھن چکرورتی نے آج انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کو 1.2 کروڑ روپئے واپس کردیئے جوکہ انھوں نے بحیثیت برانڈ ایمبیسڈر دھاندلیوں میں ملوث شردھا گروپ آف کمپنیز سے حاصل کئے تھے۔ ذرائع نے بتایا کہ ادکار کے وکلاء اور دیگر نمائندوں کی ایک ٹیم سالٹ لیک میں واقع تحقیقاتی ادارہ کے دفتر پہونچے اور ایک ڈیمانڈ ڈرافٹ اس کیس کی تحقیقات کرنے والی عہدیدار کے حوالے کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ متھن چکرورتی نے قبل ازیں سردھا گروپ سے حاصل کردہ فنڈ واپس کردینے کا تیقن دیا جس کی پابندی کرتے ہوئے اُنھوں نے ایک ڈیمانڈ ڈرافٹ آج سردھا اسکام کی تحقیقات کرنے والے عہدیدار کو پیش کردی۔ اُنھوں نے مزید بتایا کہ سردھا گروپ کی سرگرمیوں میں رول سے متعلق رکن پارلیمنٹ کے بیان اور اقدام پر تحقیقاتی ادارہ مطمئن ہے جبکہ مغربی بنگال اور دیگر ریاستوں میں بڑے پیمانہ پر چٹ فنڈ اسکام میں الزامات کے بعد وہ تنازعہ میں گھر گئے تھے۔ ماہ مئی میں انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی پوچھ تاچھ کے دوران متھن چکرورتی سردھا گروپ کے ایمبیسڈر کی حیثیت سے ڈی وی ڈیز اور سی ڈیز کی کاپیاں پیش کی تھیں۔ انھوں نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ سردھا گروپ کے ساتھ ان کی وابستگی خالص پیشہ وارانہ نوعیت کی تھی اور کسی کو دھوکہ یا فریب کی نیت نہیں تھی۔ انھوں نے اپنے وعدہ کے مطابق آج 1.2 کروڑ روپئے کی رقم واپس لوٹادی۔ یہ رقم چٹ فنڈ کمپنی کی تشہیر کے لئے ویڈیو فلم میں اداکاری کیلئے بطور معاوضہ حاصل کی تھی۔