متھرا ۔ 6 ۔ مئی : ( سیاست ڈاٹ کام ) : ضلع متھرا کے سونک ٹاون میں ایک فرقہ کی لڑکی دوسرے فرقہ کے لڑکے ساتھ فرار ہوجانے کے بعد ایک گروپ کے پر تشدد احتجاج سے کشیدگی پیدا ہوگئی ۔ پولیس نے بتایا کہ ایک گروپ نے احتجاجی جلوس کے دوران ایک مذہبی مقام سے بعض اشیاء لیجا کر اس لڑکے کے مکان کے روبرو نذر آتش کردیا جس کے ساتھ یہ لڑکی 2 مئی کو فرار ہوگئی تھی ۔ پرتشدد احتجاج کے بعد علاقہ کی مارکٹس میں دکانات بند کردی گئیں جب کہ امن و قانون کی برقراری کے لیے پولیس کی بھاری جمعیت اور ایک کمپنی پی اے سی کی طلب کرلی گئی ۔ ضلع مجسٹریٹ راجیش کمار نے بتایا کہ صورتحال کشیدہ مگر قابو میں ہے اور آتشزدگی کے واقعہ میں ملوث غیر سماجی عناصر کو پکڑنے کے لیے مہم شروع کردی گئی اور مفرور لڑکی کو بھی برآمد کرنے کی کوشش جاری ہے ۔
300 ڈاک ملازمین کو سزا
نئی دہلی ۔ 6 ۔ مئی : ( سیاست ڈاٹ کام): محکمہ ڈاک کے تقریبا 300 ملازمین کو سال 2013-14 کے دوران منی آرڈر حوالے نہ کرنے کی پاداش میں سزا دی گئی ہے ۔ وزیر ٹیلی کام مسٹر روی شنکر پرساد نے آج لوک سبھا میں بتایا کہ محکمہ ڈاک کو 80 ہزار شکایات منی آرڈرس سے متعلق وصول ہوئی جب ڈاک گھروں کے ذریعہ 12.241 کروڑ روپئے روانہ کئے گئے تھے ۔