واشنگٹن۔31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی انجینئر سرینواس کوچی بھوتلا جس کا گزشتہ سال نفرت انگیز جرائم کے تحت گولی مارکر قتل کردیا گیا تھا، کی بیوہ سنینا ڈومالا، امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے اسٹیٹ آف دی یونین خطاب میں بطور مہمان شرکت کی۔ 32 سالہ سنینا کو کانگریس میں کیوین یورڈ نے بطور مہمان شرکت کی دعوت دی تھی۔ قبل ازیں اسنینا نے متعدد کانگریسی قائدین سے ملاقات کی جن میں ایوان کے اسپیکر پال ریان بھی شامل ہیں جنہوں نے کہا کہ وہ سنینا کی آپ بیتی سے بخوبی واقف ہیں۔ دوسری طرف یورڈ نے کہا کہ ہر سال اسٹیٹ آف دی یونین میں کسی نہ کسی کو بطور مہمان شرکت کی دعوت دینا میرے لیے اعزاز کی بات ہے اور اس سال میں نے سنینا ڈومالا کو شرکت کی دعوت دی ہے تاکہ ہم اپنے ہندوستانی بھائیوں کو یہ پیغام دے سکیں کہ امریکہ بھی امن کا خواہاں ہے اور ایک ایسا ملک ہے جہاں ہندوستانی تارکین وطن کا خیرمقدم کیا جاتا ہے۔