متوفیہ نرس کا سرویس ریکارڈ لاپتہ

ممبئی ۔ 20 ۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام) کنگ ایڈورڈ میموریل ہاسپٹل کے حکام اپنی ایک سابق نرس ارونا شابناگ کی سرکاری حیثیت (موقف) کے بارے میں لاعلم ہیں، جس نے 42 سال قبل جنسی حملہ کے بعد موت و زیست کی کشمکش کے دوران گزشتہ ہفتہ دم توڑ دیا تھا ۔ تاہم ہاسپٹل انتظامیہ ارونا کا سرویس ریکارڈ کا پتہ چلانے کیلئے انتھک کوشش میں ہے ۔ انہیں رحم کی بنیاد پر موت کی نیند سلا دینے کیلئے طویل عرصہ تک بحث چھڑ گئی تھی لیکن ان کی موت کے بعد بھی مشکلات ختم نہیں ہوئیں۔ہاسپٹل کے ڈین ڈاکٹر اوناش سوچے نے بتایا ارونا کی سرویس کی تفصیلات کا پتہ چلانے کی کوشش جاری ہے چونکہ دست درازی کا واقعہ 42 سال قبل پیش آیا تھا اور کوئی بھی نہیں جانتا کہ ان کی ملازمت کا موقف کیا تھا ۔یہ دریافت کئے جانے پر سرویس ریکارڈ کاپتہ چلانے میں کتنے دن مطلوب ہوں گے ۔ ڈاکٹر سوچے نے بتایا کہ غالباً ایک ہفتہ ہوسکتا ہے ۔ تاہم ہاسپٹل کے عہدیدار نے نام مخفی رکھنے کی شرط پر بتایا کہ یہ پتہ چلانے کی کوشش جاری ہے کہ 1973 ء میں جنسی حملہ کا شکار ہونے کے بعد ارونا کو ملازمت سے سبکدوش کردیا گیا تھا یا پھر ریٹائرڈمنٹ کی تاریخ تک وہ ملازمت میں تھی اور ملازمت سے سبکدوش نہ کئے جانے کی صورت میں ان کی تنخواہ کی تفصیلات اور سرویس قواعد بشمول پراویڈنٹ فنڈ کے بارے میں معلومات حاصل کی جارہی ہیں چونکہ یہ ایک قدیم کیس ہے عہدیداروں کو سرویس ریکارڈ کاپتہ چلانے میں دشواریاں پیش آرہی ہیں۔ جس وقت دلخراش واقعہ پیش آیا تھا اس وقت ہاسپٹل میں برسر خدمت ملازمین میں سیایک بھی ہمارے ساتھ اب کام نہیں کر رہاہے۔