نئی دہلی 24 فروری (سیاست ڈاٹ کام) جاریہ سال کا بجٹ اجلاس زیادہ تر متوسط طبقہ پر مرکوز ہوگا جو این ڈی اے کے لوک سبھا انتخابی ایجنڈہ کے مطابق ہوگا۔ وزیر فینانس ارون جیٹلی امکان ہے کہ آئندہ بجٹ میں متوسط طبقہ کیلئے ٹیکس رعایتیں پیش کریں۔ تاہم اِن اندیشوں میں اضافہ ہوتا جارہا ہے کہ حکومت مالیہ میں اِن رعایتوں سے پیدا ہونے والی کمی کی پابجائی کیلئے خدمات ٹیکس میں اضافہ کردے گی۔ ذرائع کے بموجب سرویس ٹیکس بجٹ میں 14 فیصد کردیا جائے گا۔ اِس کا مطلب یہ ہوگا کہ ہوٹلوں میں کھانا مہنگا ہوجائے گا اور بعض دیگر خدمات بشمول وکلاء سے مشاورت، جم اور کلب کی رکنیت مہنگی ہوجائے گی۔ مجوزہ اضافہ امکان ہے کہ حکومت کے اِس منصوبہ کے مطابق ہوگا جس میں وہ ایک قدم پیشرفت کرتے ہوئے اشیاء اور خدمات ٹیکس یکم اپریل 2016 ء سے نافذ کرنا چاہتی ہے۔