متواتر حکومتوں نے محبوب نگر ضلع کو مسلسل نظر انداز کیا

حیدرآباد 11 جون ( این ایس ایس ) پسماندہ ضلع محبوب نگر سے جذباتی واستگی کا اظہار کرتے ہوئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج کہا کہ اس ضلع کو ریاست کی متواتر حکومتوں نے آبپاشی کے شعبہ میں کئی دہوں تک نظر انداز کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے جیسے صرف چند سیاست دانوں کو عوام کی خدمت کرنے اور مشکل وقت میں ان کا سہارا بننے کا موقع ملتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم عوام کی پیاس بجھائیں گے جنہیں پانی کے ایک ایک قطرہ کیلئے بے تحاشہ مشکلات کا شکار کردیا گیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ پالمور کے پاؤں کرشنا کے پانی سے دھوئیں گے ۔

پالمور لفٹ اریگیشن پراجیکٹ کیلئے پائیلان کا افتتاح کرتے ہوئے اور بھوت پور میں سنگ بنیاد رکھتے ہوئے چیف منسٹر نے اعلان کیا کہ ان پراجیکٹس کیلئے کاموں کا آغاز ان پراجیکٹس کیلئے بے گھر ہونے والے افراد کے پیٹ بھرنے کے بعد ہی شروع کیا جائیگا ۔ اس پراجیکٹ سے صرف تین قبائلی دیہات متاثر ہو رہے ہیں اور اس پراجیکٹ کیلئے اپنی اراضیات فراہم کرنے والوں کو روزگار اور دو بیڈروم کے مکانات فراہم کئے جائیں گے ۔ ریاست میں قائم ہونے والی متواتر حکومتوں پر ضلع محبوب نگر کے تعلق سے جانبدارانہ رویہ اختیار کرنے کا الزام عائدکرتے ہوئے کے چندر شیکھر راؤ نے اعلان کیا کہ ان کی حکومت اس پراجیکٹ کی تکمیل کیلئے 32,500 کروڑ روپئے خرچ کرنے کی پابند ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ اس پراجیکٹ کی تکمیل کے نتیجہ میں پالمور پراجیکٹ سے محبوب نگر ضلع میں سات لاکھ ایکر اراضیات کو سیراب کیا جاسکے گا جبکہ رنگا ریڈی میں تین لاکھ ایکرس کو سیراب کرنے کے علاوہ کئی دیہاتوں کو پینے کا پانی فراہم کیا جاسکے گا ۔ ضلع کلکٹر کو متاثرہ خاندانوں کو روزگار فراہم کرنے خصوصی مہم چلانے کی ہدایت دیتے ہوئے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ کریوینا اور ویٹم گاؤں کو دو سال میں پانی فراہم ہونا شروع ہوجائیگا جبکہ مکمل پالمور پراجیکٹ کے نتیجہ میں چار سال میں علاقہ کو سرسبز و شاداب بنانے میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہر دو ہفتے میں یہاں ایک گیسٹ ہاوز میں قیام کرتے ہوئے کاموں کا جائزہ لیں گے ۔ علاوہ ازیں چیف منسٹر نے اراضیات کی دستیابی اور پسماندہ ضلع محبوبنگر کو سری سیلم سے پانی لانے بھوت پور میں فضائی سروے کیا ۔ بعد ازاں انہوں نے وزیر آبپاشی ٹی ہریش راؤ ‘ وزیر جی جگدیش ریڈی اور عہدیداروں کے ساتھ پالمور لفٹ پراجیکٹ پر جائزہ اجلاس بھی منعقد کیا ۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ کاموں کی رفتار میں تیزی پیدا کریں تاکہ ضلع میں زرعی شعبہ کو آبپاشی کا پانی فراہم کیا جاسکے ۔