مکیش انبانی امیر ترین ہندوستانی ‘ عالمی سطح پر 36 واں مقام
نیویارک ۔ یکم مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس دنیا کے امیر ترین شخص برقرار ہیں اور ان کی شخصی دولت 75 بلین ڈالرس ہے ۔ فوربس کی سالانہ رینکنگ میں یہ بات بتائی گئی ہے ۔ ہندوستان میں ریلائنس انڈسٹریز کے صدر نشین مکیش انبانی اس فہرست میں شامل 84 ہندوستانیوں میں سر فہرست ہیں۔ فہرست میں بل گیٹس دنیا کے متمول فرد برقرار ہیں جبکہ ان کی دولت میں گذشتہ ایک سال میں 4.2 بلین کی کمی ہوئی ہے ۔ وہ مسلسل تین سال سے اس فہرست میں اول مقام پر ہیں۔ فوربس کے بموجب مکیش انبانی نے دولت مند ترین ہندوستانی کا اعزاز برقرار رکھا ہے حالانکہ تیل اور گیس کے شعبہ میں ان کے حصص کی قیمت میں گراوٹ آئی ہے ۔ وہ دنیا بھر کے دولتمندوں کی فہرست میں 36 ویں مقام پر ہیں۔ ان کی جملہ دولت 20.6 بلین ڈالرس ہے ۔ عالمی فہرست میں اسپین کے بلینئر امانشیو اورٹیگا دوسرے نمبر پر ہیں ۔ تیسرے نمبر پر وارن بفیٹ کے سی ای او برک شائر ہاتھ وے ہیں جبکہ میکسیکو کے کارلوس سلم ہیلو چوتھے اور امیزان سی ای او جیف بیزوس پانچویں نمبر پر ہیں۔ امیر ترین ہندوستانیوں کی فہرست میں انبانی کے علاوہ دلیپ سنگھوی ‘ عظیم پریم جی ‘ شیو نادار ‘ لکشمی متل ‘ سنیل متل ‘ گودم ادانی شامل ہیں۔