ممبئی 11 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) جنتادل متحدہ کے صدر شرد یادو نے آج دعویٰ کیا کہ ملک کے باوقار پدم ایوارڈز صرف بد دیانت افراد اور سماج کے اعلیٰ ذات والوں کو دیئے گئے ہیں اور سوشلسٹ نظریات کے حامل افراد سے اپیل کی کہ اس طرح کے اعزاز کو ٹھکرادیں۔ ان کے یہ ریمارکس سے زبردست تنازع پیدا ہوسکتا ہے۔ کل شام یہاں ایک سینئر سوشلسٹ لیڈر کی تہنیتی تقریب کو مخاطب کرتے ہوئے شردیادو نے کہاکہ تمام سماج وادیوں (سوشلسٹوں) کو چاہئے کہ پدم شری اور پدم بھوشن ایوارڈز ٹھکرا دیں کیونکہ یہ ایوارڈز صرف بددیانت (بے ایمان) افراد اور سماج کے اعلیٰ ذاتوں کو عطا کئے جارہے ہیں۔ اُنھوں نے بتایا کہ جاریہ سال پدم ایوارڈ یافتہ افراد کی فہرست میں ایک بھی دلت، آدی واسی یا کسان کو شامل نہیں کیا گیا۔
کل کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شرد یادو نے اپنا موقف برقرار رکھا اور کہا کہ ’’مجھے جو کہنا تھا، سو میں نے کہہ دیا‘‘۔ اُنھوں نے کہاکہ جاریہ سال کی فہرست میں ایک بھی دلت، آدی واسی اور کسان کا نام شامل نہیں کیا گیا جو گزشتہ 68 سال میں پہلی مرتبہ ہوا ہے۔ ماضی قریب میں بھی شرد یادو نے رنگت کی بنیاد پر امتیازات کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے پارلیمنٹ میں جنوبی ہند کی خواتین کے حسن و جمال کی تعریف کی تھی جس پر تنازع پیدا ہوا تھا۔