واشنگٹن ۔ 11 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سابق پولیس عہدیدار اور بی جے پی لیڈر کرن بیدی نے کہا کہ دہلی عصمت ریزی واقعہ پر بی بی سی کی متنازعہ دستاویزی فلم پر بغیر مشاہدہ اور تجزیہ کے حکومت کو پابندی عائد کرنے کی چنداں ضرورت ن ہیں ہے جبکہ یہ فلم ہندوستانی سماج میں جرائم کی روک تھام کیلئے لائحہ عمل تیار کرنے میں کارآمد ثابت ہوسکتی ہے ۔ دہلی اجتماعی عصمت ریزی کیس 2012 ء پر دختر ہند کے نام سے بنائی گئی دستاویزی فلم اس ہفتہ امریکی میں دکھائی گئی ہے لیکن ہندوستانی حکومت نے اس پر امتناع عائد کردیا ہے۔ کرن بیدی نے ایک انٹرویو میں کہا کہ یہ فلم ہندوستانی سماج میں غلط ذہنیت کی عکاسی کرتی ہے جو کہ شہروں اور دیہاتوں میں پائی جاتی ہے ۔ سابق آئی پی ایس آفیسر جو کہ ان دنوں امریکہ کے دورہ پر ہیں اور یہاں متنازعہ دستاویزی فلم کا مشاہدہ کیا۔ یہ فلم انسداد جرائم بالخصوص خواتین کے خلاف جرائم کی روک تھام کیلئے حکمت عملی تیار کرنے کی ضرورت کو اجاگر کرتی ہے ۔