کٹک۔ یکم اکٹوبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک گرفتار خود ساختہ بھگوان سارتھی بابا عرف سنتوش راول نے الزام عائد کیا ہے کہ اسے ایک سازش کے تحت پھنسایا گیا ہے۔ انہوں نے یہ شکایت کی کہ8اگسٹ کو گرفتاری کے بعد سے ذہنی اور جسمانی طور پر ہراساں کرتے ہوئے پاگل بنادیا گیا ہے۔ سارتھی بابا نے کہا کہ مجھے ایک سازش کا نشانہ بنایا گیا ہے اور سازشی عناصر اب اسے پاگل بنادینے کی کوشش میں ہیں اور تقریباً2ماہ سے قید تنہائی میں ایذاپہنچائی جارہی ہے جس کے باعث اس پر پاگل پن کے دورے پڑ رہے ہیں۔ یہاں ایک مقامی عدالت میں کیس کی سماعت کیلئے حاضری کے بعد سارتھی نے کہا کہ تقریباً دو ماہ بعد پہلی مرتبہ لوگوں کو دیکھا ہے۔ واضح رہے کہ سارتھی کو ضلع کیندریارا میں بارہمول آشرم سے گرفتاری کے بعد کرائم برانچ پولیس 8 اگسٹ کو پوچھ تاچھ کیلئے پولیس ہیڈکوارٹر لائی تھی۔