لکھنو ۔ 5 ۔ دسمبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : حکومت اترپردیش نے سینئیر سپرنٹنڈنٹ پولیس لکھنو پروین کمار کا اچانک تبادلہ کردیا ہے اور اس عہدہ پر مہاراشٹرا کیڈر کے ایک متنازعہ آئی پی ایس آفیسر واسوی یادو کا تقرر عمل میں لایا ہے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پروین کمار کا تبادلہ کر کے ڈی جی پی آفس سے وابستہ کردیا گیا ہے جب کہ واسوی یادو کو لکھنو کا نیا ایس ایس پی بنایا گیا ہے ۔ مسٹر یادو سال 2000 بیاچ کے مہاراشٹرا کیڈر آئی پی ایس آفیسر ہیں جنہوں نے کل رات نئے عہدہ کا جائزہ حاصل کرلیا ۔ قبل ازیں یادو کو ہائی کورٹ کی ہدایت پر کانپور سے تبادلہ کر کے ڈی جی پی آفس سے اٹاچ کردیا گیا تھا ان پر الزام تھا کہ سماج وادی پارٹی رکن اسمبلی حاجی عرفان سولنکی کے ساتھ ڈاکٹروں کی بحث و تکرار کے بعد بحیثیت ایس ایس پی کانپور ڈاکٹروں کو ہراساں کیا تھا ۔ GVS میڈیکل کالج میں 28 فروری کو جونیر ڈاکٹروں اور رکن اسمبلی کے حامیوں میں تصادم پر پولیس نے ڈاکٹروں پر لاٹھی چارج کیا تھا ۔ جس میں 400 میڈیکل طلباء اور جونیر ڈاکٹرس زخمی ہوگئے تھے اور اس واقعہ کے خلاف ڈاکٹروں نے ہڑتال کردی ۔ الہ آباد ہائی کورٹ کی ہدایت پر ریاستی حکومت نے ایک رکنی تحقیقاتی کمیشن تشکیل دی ۔ تاہم سرکاری ذرائع نے پروین کمار کے اچانک تبادلہ کی وجوہات نہیں بتائی ۔