نئی دہلی 17 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) حکومت متمول شعبہ کو سبسیڈی پر سربراہ کی جانے والی پکوان گیاس کو روکنے کی کوئی تجویز نہیں رکھتی۔ وزیر تیل دھرمیندر پردھان نے آج یہ بات بتائی۔ پبلک سیکٹر آئیل مارکٹنگ کمپنیوں نے موجودہ ایل پی جی صارفین کو یہ اختیار دیا ہے کہ وہ اپنی سبسیڈی سے ازخود دستبردار ہوجائیں اور مارکٹ قیمت میں ایل پی جی سیلنڈر کی خریداری کریں۔ انھوں نے آج راجیہ سبھا کو تحریری جواب میں بتایا کہ فی الحال ایسی کوئی تجویز حکومت کے زیرغور نہیں ہے کہ متمول طبقہ کو سبسیڈی پر ایل پی جی سیلنڈر کی سربراہی روکی جائے۔ انھوں نے کہاکہ تیل کی کمپنیوں نے صارفین کو جو اختیار دیا ہے وہ اپنی مرضی کے مطابق استفادہ کرسکتے ہیں۔ اگر کوئی صارف سبسیڈی کے بغیر ایل پی جی سیلنڈر خریدنا چاہے تو وہ ڈسٹری بیوٹر کو تحریری طور پر مطلع کرسکتا ہے یا متعلقہ ویب سائٹ پر اس کی اطلاع دی جاسکتی ہے۔ پردھان نے پیر کو لوک سبھا میں کہا تھا کہ 15 کروڑ ایل پی جی صارفین کے منجملہ صرف 17,471 نے سبسیڈی سے رضاکارانہ طور پر دستبرداری اختیار کی ہے۔