متلاشیان روزگار کیلئے نیشنل کیرئیر سرویس کارآمد : دتاتریہ

حیدرآباد یکم / مئی ( سیاست نیوز ) مملکتی وزیر لیبر بنڈارو دتاتریہ نے کہا کہ متلاشیان روزگار کو نیشنل کیرئیر سرویس کے ذریعہ بڑے پیمانے پر ان کے امکانی آجرین کے ساتھ مربوط کیا جائے گا ۔ مرکز نے منصوبہ بنایا ہے کہ نیشنل کیرئیر سرویس کو متلاشیان روزگار کیلئے کارآمد بنایا جائے ۔ این سی ایس اسکیم کے تحت جو نوجوان امپلائمنٹ اکسچینجس میں اپنا نام درج رجسٹر کروائیں گے ۔انہیں ایس ایم ایس کے ذریعہ روزگار کے دستیابی کا پیام موصول ہوگا ۔ مارکٹ میں روزگار کی موجودگی کی اطلاع بھی دی جائے گی تاکہ وہ امپلائیمنٹ اکسچینجس کے چکر نہ کاٹ سکیں ۔ برطانوی حکومت کے خطوط پر این سی ایس کو تشکیل دیا گیا ہے جو ڈائرکٹوریٹ جنرل آف امپلائیمنٹ اینڈ ٹریننگ وزارت لیبر کے تحت کام کر رہی ہے ۔ یہ سرویس متلاشیان روزگار سے لیکر آجرین کے درمیان باہمی رابطے کا کام کرے گا ۔ مرکزی حکومت نے بے روزگار نوجوانوں کیلئے نیشنل کیرئیر سرویس کو کارآمد بنانے کیلئے اقدامات کئے ہیں ۔ اس خصوص میں تمام تعلیم یافتہ نوجوان جنہوں نے امپلائیمنٹ اکسچینج میں نام درج کروایا ہے انہیں روزگار سے متعلق معلومات فراہم کی جائیں گی ۔