مولانا عبدالقوی کی گرفتاری قابل مذمت : انقلابی گلوکار غدر کا بیان
حیدرآباد 25 مارچ (سیاست نیوز) مولانا عبدالقوی کی گرفتاری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انقلابی گلوکار غدر نے کہاکہ متعصب ذہنیت کے حامل پولیس عملہ کی منظم سازشیں قومی سطح پر مسلمانوںکی شبیہہکو مشکوک کررہی ہیں۔ مولانا کی گرفتاری کے خلاف ایس سی‘ ایس ٹی‘ بی سی ‘ مسلم فرنٹ کے اجلاس سے خطاب کے دوران انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے نام پر مسلمانوں کو ہراساں و پریشان کرنا قابلِ مذمت ہے ۔ انہوں نے انتخابات سے قبل مولانا عبدالقوی کی گرفتاری کو سیاسی سازش کا حصہ قراردیتے ہوئے کہاکہ ملک کی فرقہ پرست طاقتیں مسلمانوں کو مخالف بی جے پی تحریک سے باز رکھنے اس قسم کی سازشیں تیار کررہے ہیں۔ غدر نے کہاکہ داڑھی اور ٹوپی کو مشکو ک بناکر مسلمانوں کی زندگیوں کو غیرمحفوظ کیاجارہا ہے جس کو روکنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردی اور دیگر الزامات میں گرفتاریوں کے 5 سال بعد نوجوانوں کو بے قصور قرار دے کر رہا کرنے کا عمل خود دلیل ہے کہ تحقیقاتی اداروں کے فرقہ پرست عہدیدار مسلمانوں کو احساس کمتری کا شکار بنانے سازش کررہے ہیں ۔
انہوں نے مولانا کی گرفتاری کو مسلمانوں کیلئے اشارہ قراردیتے ہوئے کہا کہ فرقہ پرست طاقتیں مودی کی کامیابی کیلئے مسلمانوں کی زندگیوں سے کھلواڑ کرتی رہیں گی ۔ انہوں نے کہاکہ قومی سالمیت اور سماجی انصاف کے فروغ کیلئے ہندوستان کی جیلوں میں غیر قانونی و غیرجمہوری طریقے سے محروس مسلم نوجوانوں اور اسکالرس کی غیر مشروط رہائی کیلئے جمہوری طاقتوں کی جدوجہد ضروری ہے۔ مسٹر غدر نے مولانا عبدالقوی کی عاجلانہ اور غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا۔ چیف کنونیر فرنٹ ثناء اللہ خان‘ حیات حسین حبیب‘ اسلم عبدالرحمن‘ سی ایل یادگیری‘ راجندر کے علاوہ دیگر موجود تھے۔