حیدرآباد ۔ 27 ۔ جون (سیاست نیوز) متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ اور وزیر برائے بین الاقوامی باہمی تعاون ہز ہائینس شیخ عبداللہ بن زید النیہان کل 28 جون کو شام 5.30 بجے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کریں گے۔ پرگتی بھون میں اس ملاقات کا اہتمام کیا گیا ہے۔ دونوں قائدین حیدرآباد میں متحدہ عرب امارات کے کونسلیٹ کے قیام اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کریں گے ۔ اسی دوران ہندوستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر ہز اکسلینسی ڈاکٹر احمد البنہ نے نئی دہلی میں وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ سے ملاقات کی ۔ دونوں قائدین نے باہمی دلچسپی کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا اور مختلف شعبوں میں بہتر تعاون کا فیصلہ کیا۔ بتایا جاتاہے کہ کے ٹی آر نے تلنگانہ میں متحدہ عرب امارات کی جانب سے سرمایہ کاری کے امکانات پر مختلف شعبوں کی نشاندہی کی۔ وزیر خارجہ متحدہ عرب امارات کی جمعرات کو چیف منسٹر سے ملاقات کے دوران مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری پر اتفاق رائے کا امکان ہے۔