متحدہ عرب امارات کابنگلہ دیش میں مزید سرمایہ کاری کا فیصلہ

نیویارک ،یکم اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ ڈاکٹر انور محمد غرقش نے بنگلہ دیش میں ممکنہ اقتصادی مواقع کو اجاگر کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے ۔بنگلہ دیش کی وزارت خارجہ نے یہ اطلاع دی۔امریکہ کے نیویارک میں جاری اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 73 ویں سیشن سے الگ بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ محمد شہریارعالم نے متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ ڈاکٹر انور محمدغرقش سے ملاقات کر کے ان کی اس تجویز کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ وہ سرمایہ کاری کے لئے بہتر ماحول دستیاب کرائیں گے ۔ڈاکٹر غرقش نے متحدہ عرب امارات کی کمپنیوں کے لئے ایک خصوصی اقتصادی زون قائم کرنے اراضی حاصل کرنے میں بنگلہ دیش حکومت سے تعاون کا مطالبہ کیا۔ مسٹر عالم نے ڈاکٹر غرقش کو بتایا کہ نو تشکیل بنگلہ دیش انویسٹمنٹ ڈیولپمنٹ اتھارٹی ( بی آئی ڈی اے ) متحدہ عرب امارات کی کمپنیوں کو تمام ضروری خدمات فراہم کر سکتی ہے جس کی انہیں بنگلہ دیش میں اپنی سرمایہ کاری اور تجارت کو بڑھانے کی ضرورت ہے ۔