متحدہ عرب امارات میں گہری کہر

دبئی ۔ 24ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) متحدہ عرب امارات میں گہری کہر سے اس کے بڑے ایئرپورٹ پر پروازیں متاثر ہوئیں ۔ ہزاروں غیر ملکی شہری کرسمس اور نئے سال کیلئے اپنے آبائی وطن واپس جانے کے خواہاں تھے جو ایئرپورٹس پر پھنس کر رہ گئے ۔ کئی پروازیں منسوخ کردی گئیں ‘ ان کا راستہ تبدیل کردیا گیا یا تاخیر سے روانہ ہوئیں ۔ متحدہ عرب امارات کے تینوں بڑے ایئرپورٹس دبئی ‘ ابوظہبی اور شارجہ میں یہی صورتحال تھی ۔ دبئی ایئرپورٹ پر جو دنیا کا ایک مصروف ترین ایئرپورٹ ہے تقریباً 17پروازیں منسوخ کردی گئیں ۔ حدبصارت صرف 100 میٹر تھی ‘ مزید 100 آنے والی پروازوں کا راستہ یا تو تبدیل کر کے انہیں قریبی ایئرپورٹس کی طرف موڑ دیا گیا یا ان کی آمد میں تاخیر ہوئی ۔ دبئی کریئر امارات ایئرلائنز جس کے طیاروں کا بیڑا ڈھائی سو وسیع طیاروں پر مشتمل ہیں اپنی پروازوں کی روانگی منسوخ کرنے پر مجبور ہوگیا ۔ گہری کہر نے پورے ملک کو جمعہ سے ہی اپنی گرفت میں لے لیا لیکن ہفتہ کی رات میں اس کی شدت میں اضافہ ہوگیا اور مربوط رطوبت کی سطح 95فیصد تک پہنچ گئی ۔ پولیس نے موٹر رانوں کو انتباہ دیا ہے کہ کہر کی وجہ سے کار چلاتے وقت سخت چوکسی اختیار کریں ۔ محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ آج دن بھر بھی یہی صورتحال برقرار رہے گی ۔ متحدہ عرب امارات کی آبادی ایک کروڑ ہے جن میں سے صرف 10لاکھ مقامی اور 90لاکھ غیر مقامی افراد ہیں ۔