متحدہ عرب امارات میں غیر قانونی ہندوستانی شہریوں کیلئے موقع

9 ہزار روپئے کی ادائیگی کے ذریعہ قیام کو تین ماہ تک قانونی بنانے کی سہولت
حیدرآباد۔24جولائی (سیاست نیوز) متحدہ عرب امارات میں غیر قانونی طور پر مقیم ہندستانی شہری 9ہزار368 روپئے ادا کرتے ہوئے اپنے قیام کو تین ماہ تک کیلئے قانونی بنا سکتے ہیں۔ ہندستانی سفارتی عہدیداروں کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے ممالک دبئی ‘ شارجہ‘ ابو ظہبی‘ فجیرہ‘ راس الخیمہ اور عجمان میں غیر قانونی طور پر رہنے والے ہندستانی شہریوں کیلئے یکم اگسٹ سے عام معافی منصوبہ کے تحت تین ماہ کیلئے قیام کو قانونی موقف فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور کہا جا رہاہے اس موقع سے استفادہ حاصل کرنے والوں کو تین ماہ کے دوران اپنے قیام کو قانونی بنانے اور کفیل کی تلاش کا موقع حاصل رہے گا۔ عام معافی کا عمل یکم اگسٹ تا 31اکٹوبرجاری رہے گا اس دوران ایسے ہندستانی شہری جو کہ ’’آزاد ویزا‘ ‘ پر متحدہ عرب امارات میں خدمات انجام دے رہے ہیں وہ ہندستانی قونصل خانہ سے رجوع ہوتے ہوئے اپنے قیام کو قانونی بنا سکتے ہیں اس کے لئے انہیں حکومت متحدہ عرب امارات کی جانب سے متعین کردہ فیس 500 درہم ادا کرنی ہوگی اور اس کے ساتھ انہیں ملازمت کا ثبوت بھی پیش کرنا ہوگا اس کے علاوہ جو ہندستانی شہری غیر قانونی طور پر مقیم ہیں اور بغیر کسی سزاء کے ملک سے واپس ہونا چاہتے ہیں انہیں 220 درہم ادا کرتے ہوئے بائیو میٹرک کا عمل مکمل کرنا ہوگا جس کے بعد وہ اپنے ملک واپس ہو سکتے ہیں اس عمل کی تکمیل کے بعد انہیں اندرون 10 یوم متحدہ عرب امارات سے تخلیہ کرنا ہوگا۔ ہندستانی سفارتخانہ کی جانب سے متحدہ عرب امارات میں جملہ 9 مقامات پر یہ سہولت فراہم کی جائے گی اور جو لوگ اس سہولت سے استفادہ حاصل کرنا چاہتے ہیں وہ دبئی میں قونصل خانہ کی جانب سے شروع کی گئی ہیلپ لائن پر ربطہ کرتے ہوئے تفصیلات حاصل کرسکتے ہیں جس کا نمبر 00971565463909ہے اوراسی طرح ابوظہبی کیلئے بھی ہیلپ لائن کی سہولت ہے جس کا نمبر00971508995583 ہے اسی کے علاوہ سفارتخانہ کی جانب سے ای۔ میل کے پتہ بھی جاری کئے گئے ہیں۔ ہندستانی سفارتی عہدیداروں کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق دبئی قونصل خانہ اور ابوظہبی میں واقع سفارتخانہ میں عام معافی کے تحت درخواست داخل کرنے والوں کی سہولت کیلئے علحدہ خصوصی کاؤنٹر بھی شروع گئے جائیں گے تاکہ درخواست گذاروں کو مکمل رہنمائی کی جاسکے اور ہندستانی شہری متحدہ عرب امارات کی جانب سے فراہم کی گئی سہولت سے استفادہ کرسکیں۔