متحدہ ریاست آندھراپردیش کی تقسیم کے موقع پر تیقنات پر عدم عمل آوری

یکم فبروری کو آندھراپردیش بند ، اے پی سادھنا سمیتی کا اعلان
حیدرآباد ۔ /27 جنوری (سیاست نیوز) متحدہ ریاست آندھراپردیش کی تقسیم کے موقعہ پر دیئے گئے تیقنات پر عمل آوری اور ریاست کو خصوصی موقف کی فراہمی کے مطالبہ پر نئی ریاست آندھراپردیش کی عوام کو متحد ہوکر جدوجہد کا آغاز کرنے کیلئے تیار رہنے اور حصول حقوق و تیقنات کیلئے تشکیل دی گئی آندھراپردیش سادھنا سمیتی نے اپیل کی اور کہا کہ ریاست کو خصوصی موقف فراہم کرنے کے مطالبہ پر اور دیئے گئے تیقنات پر عمل آوری کے مطالبہ پر سمیتی نے یکم فبروری کو ’’ریاست آندھراپردیش بند‘‘ منظم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ آج اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کمیٹی صدر مسٹر سی سرینواس نے ریاست کی تمام سیاسی جماعتوں سے بلاتخصیص سیاسی وابستگی ریاست بند میں شامل ہونے اور کامیاب بنانے کی پرزور اپیل کی اور بتایا کہ حقوق و تہذیب کیلئے ٹاملناڈو میں جاری ’’جلی کٹو‘‘ کھیل جو کہ بہت ہی چھوٹا مسئلہ ہے ۔ لیکن اس مسئلہ کیلئے ٹاملناڈو کے تمام شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیتیں متحدہ طور پر اپنے حق اور تہذیبی روایت کی برقراری کیلئے آگے آئے ۔ لیکن جبکہ ہماری آندھراپردیش میں بڑی بڑی شخصیتیں بشمول فلم اسٹارس ، فلم ڈائرکٹرس موجود ہیں اور اپنے حقوق کیلئے ان تمام شخصیتوں ، فلم اسٹارس ، فلم ڈائرکٹرس وغیرہ سے بھی خصوصی موقف کے مطالبہ پر آگے آنے اور بند کو کامیاب بنانے پر زور دیا ۔ انہوں نے بتایا کہ ووٹ آن اکاؤنٹ میں مہاراشٹرا کیلئے 57600 کروڑ روپئے ریلوے بجٹ میں مختص کرنے پر مختلف مشکلات و مسائل سے دوچار آندھراپردیش کو صرف 3670 کروڑ روپئے مختص کرنے کے اقدامات مرکزی حکومت کا آندھراپردیش کے ساتھ امتیازی برتاؤ کرنے کا ایک تازہ ثبوت ہے ۔ ڈاکٹر کے ایس پی این ورما نے کہا کہ ریاست کی تقسیم کے موقعہ پر پارلیمنٹ میں کئے گئے تحریری معاہدات کو بھی اس وقت کے اپوزیشن قائدین ہی اب برسراقتدار قائدین ہونے کے باوجود ریاست آندھراپردیش کے ساتھ دغا بازی و دھوکہ بازی جیسے اقدامات کررہے ہیں ۔