متحدہ آندھرا پولٹیکل جائنٹ ایکشن کمیٹی کی تشکیل

حیدرآباد 5 جنوری (سیاست نیوز) متحدہ ریاست کے حامیوں کی جانب سے تلنگانہ پولٹیکل جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے خطوط پر بالآخر ’’متحدہ آندھرا پولٹیکل جوائنٹ ایکشن کمیٹی‘‘ (سمکیا آندھرا پولٹیکل جے اے سی) کی تشکیل عمل میں لائی گئی اور اس نوتشکیل شدہ سمکیا آندھرا پولٹیکل جے اے سی کے صدرنشین کی حیثیت سے مسٹر کرشنا سواروپ صدر دلت بہوجن سماج پارٹی کا انتخاب عمل میں آیا۔ اپنے اس انتخاب کے بعد صدرنشین سمکیا آندھرا پولٹیکل جے اے سی مسٹر کرشنا سواروپ نے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ریاست آندھراپردیش میں کثیر تعداد میں پائے جانے والے درج فہرست اقوام و قبائیل، پسماندہ و اقلیتی طبقات کے عوام کو سمکیا آندھرا جدوجہد میں برابر کا حصہ دار بنایا جائے گا اور بڑے پیمانے پر متحدہ ریاست آندھراپردیش جدوجہد کا منصوبہ بند انداز میں آغاز کیا جائے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ تلگو ریاست آندھراپردیش کو تقسیم کرکے دو ریاستوں میں بانٹنے کی کوششوں میں شمالی ہند کے ہندی زبان بولنے والے قائدین کی بھی سازش ہوسکتی ہے

اور اس سے ریاست کو شدید خطرہ لاحق ہوسکتا ہے اور اس سازش میں مرکز میں کانگریس زیرقیادت یو پی اے حکومت بھی برابر کی ذمہ دار ہے۔ تاہم سمکیا آندھرا پولٹیکل جوائنٹ ایکشن کمیٹی ان تمام کوششوں کو ناکام بنانے کے لئے ایڑی چوٹی کا زور لگائے گی۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ ریاست آندھراپردیش کی تقسیم کے خلاف سمکیا آندھرا پولٹیکل جوائنٹ ایکشن کمیٹی جاریہ سال 11 جنوری کو ریاست بھر میں ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے مجسموں کے پاس احتجاجی مظاہرے منظم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ 20 جنوری کو چلو اسمبلی پروگرام منظم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ اس پروگرام کے موقع پر ریاستی قانون ساز اسمبلی کا مکمل محاصرہ کیا جائے گا۔ اس پروگرام کو کامیاب بنانے کے لئے بڑے پیمانے پر تیاریوں کا آغاز کردیا گیا۔ مسٹر سواروپ نے مزید بتایا کہ آئندہ ماہ فروری کے پہلے ہفتہ میں چلو دہلی پروگرام منظم کرتے ہوئے دہلی میں پارلیمنٹ کا محاصرہ کیا جائے گا۔