حیدرآباد 21 جنوری (پی ٹی آئی) آندھراپردیش نان گزیٹیڈ آفیسرس اسوسی ایشن نے آج آندھراپردیش کی تقسیم کی مخالفت کے لئے کل یہاں منعقد کئے جانے والے ایک روزہ طویل دھرنے میں تمام سیاسی پارٹیوں کو مدعو کیا ہے۔ اے پی این جی اوز کے صدر پی اشوک بابو نے اخباری نمائندوں سے کہاکہ ریاست کے تمام قائدین سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر متحدہ آندھراپردیش کے کاز کو آگے لے جائیں۔
ریاستی اسمبلی کا سیشن جاری ہے جہاں پر آندھراپردیش ری آرگنائزیشن کے مسودہ پر بحث ہورہی ہے۔ قبل ازیں ریاستی حکومت کے ملازمین نے بھی متحدہ آندھراپردیش کے لئے احتجاج کیا تھا اور یہ احتجاج دو ماہ تک جاری تھا۔ صدرجمہوریہ نے مسودہ بِل کو واپس کرنے کے لئے 23 جنوری تک مہلت دی ہے۔