متحدہ آندھرا کیلئے آخری لمحہ تک جدوجہد: چرنجیوی

حیدرآباد۔6 فروری (سیاست نیوز) مرکزی وزیر سیاحت چرنجیوی نے کہا کہ حیدرآباد کو مرکز کا زیر انتظام علاقہ بنانے، بھدرا چلم کو سیما۔ آندھرا میں شامل کرنے اور جملہ دس مطالبات کو مرکزی حکومت کی جانب سے قبول کرنے کی صورت میں ہی ہم ریاست کی تقسیم کی تائید کریں گے۔ آج دہلی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہم ریاست کو متحد رکھنے کے لئے آخری لمحہ تک جدوجہد جاری رکھیں گے، تاہم جب ہمیں ریاست کی تقسیم کا یقین ہو جائے گا تو ہم سیما۔ آندھرا عوام کے مفادات کے تحفظ کے لئے مرکزی حکومت سے سفارش کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے اپنے مطالبات بہت پہلے مرکزی حکومت کو پیش کردیئے تھے، تاہم گروپ آف منسٹرس نے کل اپنا ہنگامی اجلاس طلب کرتے ہوئے ہمارے مطالبات کا ازسرنو جائزہ لیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہمارے مطالبات قبول کرنے پر ہی ہم تلنگانہ بل کی تائید کریں گے، ورنہ بل کے خلاف ووٹ دیں گے۔ وزیر اعظم منموہن سنگھ کی جانب سے پارلیمنٹ میں تلنگانہ بل پیش کرنے کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہندوستان ایک جمہوری ملک ہے، یہاں وزیر اعظم کے چاہنے سے نہیں بلکہ اتفاق رائے سے فیصلے کئے جاتے ہیں۔اس دوران سیما ۔آندھرا سے تعلق رکھنے والے 9 مرکزی وزراء نے کانگریس ہائی کمان پر واضح کردیا ہے کہ وہ ان کے مطالبات بشمول حیدرآباد کو مرکزی زیرانتظام علاقہ قرار دینے کی صورت ہی میں تلنگانہ بل کی تائید کریں گے۔