متحدہ آندھرا پردیش کو سی پی ایم کی تائید

نئی دہلی۔ 6 فروری (پی ٹی آئی) تلنگانہ بل کے خلاف سرگرم وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے صدر جگن موہن ریڈی نے آج سی پی آئی ایم قیادت سے ملاقات کی اور ریاست کو متحد رکھنے کیلئے تعاون کی خواہش کی۔ سی پی ایم جنرل سکریٹری پرکاش کرت نے ملاقات کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اس بل کے بارے میں تبادلہ خیال کیا جو آندھرا پردیش کی تقسیم کیلئے پارلیمنٹ میں پیش کیا جانے والا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ ریاست تقسیم ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں جماعتوں نے پارلیمنٹ میں اپنی پارٹی کے موقف کے تعلق سے بھی تبادلہ خیال کیا اور اس بات کا بھی جائزہ لیا گیا کہ وہ پارلیمنٹ میں کیا کریں گے۔

جگن موہن ریڈی نے کہا کہ سی پی آئی ایم نے آندھرا پردیش کو متحد رکھنے کا تیقن دیا ہے۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے ذرائع نے بتایا کہ جگن موہن ریڈی قومی دارالحکومت نئی دہلی میں دیگر سیاسی قائدین سے بھی ملاقات کریں گے۔ جگن کی زیرقیادت پارٹی نے کل صدرجمہوریہ پرنب مکرجی سے ملاقات کرتے ہوئے ایک یادداشت پیش کی تھی جس میں یہ خواہش کی گئی تھی کہ وہ آندھرا پردیش تنظیم جدید بل 2013 کو پارلیمنٹ میں متعارف کرنے کی سفارش نہ کریں۔