6 اپریل کو مقرر ، تلنگانہ و اے پی ریاستوں میں تقسیم کے بعد آخری اجلاس متوقع
حیدرآباد۔/3اپریل ، ( سیاست نیوز) متحدہ آندھرا پردیش میں تشکیل دیئے گئے اقلیتی فینانس کارپوریشن کے بورڈ آف ڈائرکٹرس کا اجلاس 6اپریل کو منعقد ہوگا جو ہوسکتا ہے کہ بورڈ کا آخری اجلاس ہو۔ اقلیتی فینانس کارپوریشن کی دونوں ریاستوں میں تقسیم کا عمل مکمل ہوچکا ہے تاہم عدالتی فیصلہ کا احترام کرتے ہوئے عہدیداروں نے 6اپریل کے اجلاس کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔ عہدیدار اجلاس کے ایجنڈہ کی تیاری میں مصروف ہیں اور بتایا جاتا ہے کہ اس اجلاس میں کوئی اہم پالیسی اُمور کو ایجنڈہ میں شامل نہیں کیا جائے گا۔ تاہم بعض معمول کی کارروائیوں کی منظوری حاصل کی جاسکتی ہے۔ کارپوریشن کی تقسیم کے بعد اجلاس میں آندھرا پردیش کے عہدیدار شریک ہوں گے جبکہ تلنگانہ کے عہدیداروں کو بطور خصوصی مدعو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ عدالت نے بورڈ کا اجلاس طلب کرنے کی حکومت کو ہدایت دی تھی۔ اسی دوران کارپوریشن کی تقسیم کے تحت ملازمین اور بجٹ کی تقسیم جلد مکمل کرلی جائے گی۔ آندھرا پردیش کیلئے 58 اور تلنگانہ کیلئے 42فیصد کے حساب سے بجٹ اور ملازمین تقسیم کئے جائیں گے۔ 2جون2014 تک کارپوریشن میں جو بجٹ تھا اسے تقسیم کیا جائے گا جبکہ 2جون کے بعد سے دونوں ریاستوں کیلئے علحدہ اکاؤنٹس کھولے گئے ہیں۔ حج ہاوز میں تلنگانہ کا آفس پانچویں منزل جبکہ آندھرا پردیش کا آفس چھٹی منزل پر کام کرے گا۔ اسی دوران اردو اکیڈیمی، سی ای ڈی ایم، وقف سروے کمشنر اور وقف بورڈ کی تقسیم کا کام ابھی باقی ہے۔ مرکزی حکومت وقف بورڈ کی تقسیم کی کارروائی کررہی ہے جبکہ دیگر اداروں کی تقسیم کا عمل ریاستی حکومت کے تحت کیا جارہا ہے۔ تلنگانہ اردو اکیڈیمی کیلئے علحدہ لائسنس اور رجسٹریشن حاصل کرلیا گیا جبکہ آندھرا پردیش اردو اکیڈیمی کا رجسٹریشن ابھی باقی ہے۔ اقلیتی کمیشن کو تلنگانہ میں قائم کرنے کیلئے حکومت نے احکامات جاری کئے تاہم اس ادارہ کی تقسیم کیلئے بعض اُمور کی انجام دہی ابھی باقی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ حکومت حج کمیٹی، اقلیتی فینانس کارپوریشن اور اقلیتی کمیشن پر تقررات کا منصوبہ رکھتی ہے۔