لاہور۔ 21؍ستمبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ پنجاب کے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بحالی کے کاموں کا جائزہ لینے کے لئے وہ متاثرہ علاقوں کے غیر اعلانیہ دورہ کریں گے تاکہ زمینی حقائق سے آگہی حاصل ہوسکے۔ لاہور سے جاری بیان کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ وہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی اور بحالی کے کاموں کی خود نگرانی کررہے ہیں۔ انھوں نے انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ بچاؤ اور امدادی کارروائی کی طرح بحالی کا کام بھی تیزی سے کیا جائے۔ مصیبت زدہ شہریوں کی دن رات مدد کرنے والے قابل ستائش ہیں۔ شہباز شریف نے کہاکہ امداد اور بحالی کے کاموں میں غفلت یا کوتاہی کی شکایت پرسخت کارروائی کی جائے گی۔