ماینمار میں جیل کے قافلے پر حملہ ، 44 خاتون قیدی زخمی

یانگون ۔ 24 فروری (سیاست ڈاٹ کام) شمال مشرقی ماینمارمیں ایک سرکاری قافلے پر حملے کے بعد باغیوں اور فوجی سپاہیوں کے درمیان گھمسان لڑائی چھڑگئی جس کے نتیجہ میں درجنوں خاتون قیدی زخمی ہوگئی ہیں۔ سرکاری ذرائع ابلاغ نے کہا کہ گانگ نسلی گروپ کے جنگجوؤں نے قریبی قید خانہ سے قیدیوں، سرکاری ملازمین اور مقامی افراد کو لے جانے والی گاڑیوں پر حملہ کردیا تھا جس کے جواب میں فوج نے ان کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کئے۔ صوبہ شان میں مہلک جھڑپوں سے بچنے کی کوششوں میں مصروف عام شہریوں پر یہ تازہ ترین حملہ تھا جس میں 44 خاتون قیدی، محکمہ اصلاحات کے عملہ کا ایک رکن اور ایک سپاہی زخمی ہوئے ہیں۔ اضطراب و بے چینی کے سبب کوکانگ کالاؤکائی قصبہ عملاً خالی ہوچکا ہے جہاں کی گلیاں میدان جنگ میں تبدیل ہوچکی ہیں۔ 30 ہزار شہری جنوب مغربی چین فرار ہوگئے ہیں۔ دیگر دسیوں ہزار شہری ماینمارکے سرحدی علاقوں میں روپوش ہوگئے ہیں۔