احمدآباد 12 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) گجرات ہائی کورٹ نے 2002 ء نروڈا پاٹیہ فسادات کے مقدمہ کی مجرم سابق ریاستی وزیر مایا کوڈنانی کو طبی بنیاد پر تین ماہ کی عبوری ضمانت دی ہے۔ جسٹس کے ایس جھاویری اور جسٹس کے جے ٹھاکر نے چھ ماہ کیلئے ضمانت کی منظوری سے متعلق مایا کوڈنانی کی درخواست کی سماعت کے بعد تین ماہ کی عارضی ضمانت منظور کی ہے۔ کوڈنانی کے وکیل ہردیک داوے نے عدالت میں استدلال پیش کیاکہ مایا کوڈنانی آنتوں کے دق (ٹی بی) کے علاوہ اختلاج اور قلب کے عارضوں سے دوچار ہیں۔ ایڈوکیٹ نے صحت کے ان مسائل کے علاج کے لئے چھ ماہ کی ضمانت منظور کرنے کی درخواست کی اور شہادت کے طور پر عدالت میں تمام ضروری طبی دستاویز پیش کئے۔
یٰسین بھٹکل اور اسداللہ اخترکی پولیس تحویل میں توسیع
نئی دہلی 12 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) انڈین مجاہدین کے مبینہ معاون بانی یٰسین بھٹکل اور اُس کے ایک قریبی مددگار اسداللہ اختر کودہلی میں غیرقانونی اسلحہ کی فیاکٹری کے قیام کے الزامات کے تحت 2011 ء میں دائر کردہ ایک مقدمہ کے ضمن میں دہلی کی ایک عدالت نے 26 نومبر تک پولیس تحویل میں دے دیا ہے۔ دہلی پولیس کے خصوصی سیل نے تحویل میں مزید توسیع کی درخواست کی تھی۔
جموں و کشمیر وزراء کو رقمی ادائیگی، وی کے سنگھ نے موقف بدل دیا
نئی دہلی ۔ 12۔ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) سابق فوجی سربراہ جنرل وی کے سنگھ نے اپنا موقف یکسر تبدیل کردیا اور جموں و کشمیر میں وزراء و ارکان اسمبلی کو فوج سے رقمی ادائیگی کے دعوے کے برعکس کہا کہ ایسا کچھ نہیں ہوا۔ انہوں نے اس تنازعہ کو ختم کردینے کی خواہش کی ۔