سابق جج کو دھمکی آمیز کالس اور خطوط
احمد آباد 11 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) گجرات 2002 فسادات کے مقدمات میں سابق وزیر مایا کوڈنانی اور سابق وی ایچ پی لیڈر بابو بجرنگی کو سزا سنانے والی سبکدوش جج جیوتسنا یاگنک کو دھمکی آمیز فون کالس اور مکتوب مل رہے ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں اس کی شکایت درج کروائی ہے ۔ حکومت نے آج یہ بات بتائی ۔ اڈیشنل چیف سکریٹری ( داخلہ ) جی آر الوریا نے کہا کہ یہ معاملہ ڈائرکٹر جنرل انٹلی جنس کے ذریعہ حل کیا جائیگا ۔ جیوتسنا یاگنک نے ہمیں دھمکیوں سے متعلق ایک مکتوب تحریر کیا ہے اور ان کی سکیوریٹی میں اضافہ کی خواہش کی ہے ۔ ان کی درخواست کو ڈی جی سے رجوع کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈائرکٹر جنرل انٹلی جنس اس پر کوئی فیصلہ کرنے کے بعد ان کی سکیوریٹی میں اضافہ کے تعلق سے حکومت سے سفارش کرینگے ۔ محکمہ داخلہ کے عہدیداروں کے بموجب یاگنک کو طویل وقت سے دھمکیاں مل رہی ہیں اور انہوں نے درخواست کی ہے کہ ان کی سکیوریٹی کو مزید مستحکم کردیا جائے ۔ رابطہ پیدا کئے جانے پر جیوتسنا یاگنک نے کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا ۔ انہوں نے اس سلسلہ میں کوئی شکایت بھی درج نہیں کروائی ہے ۔ اگسٹ 2012 میں جیوتسنا یاگنک نے 31 افراد کو سزا سنائی تھی جن میں مایا کوڈنانی اور بابو بجرنگی بھی شامل تھے ۔