یروشلم ۔20 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) فلسطین میں ماہ صیام کے پہلے جمعۃ المبارک کو مسجد اقصیٰ میں کم سے کم دو لاکھ فلسطینیوں نے نماز جمعہ ادا کی۔ فلسطینی شہری مغربی کنارے، غزہ کی پٹی، جنوبی اور شمالی فلسطینی شہروں اور بیت المقدس سے اسرائیل کی کھڑی کردہ تمام رکاوٹیں توڑ کر قبلہ اول پہنچنے میں کامیاب رہے۔محکمہ اوقاف کے ڈائریکٹر الشیخ عزام الخطیب نے ’اے ایف پی‘ کو بتایا کہ نماز جمعہ کے موقع پر فلسطینی شہریوں کی مسجد اقصیٰ میں موجود تعداد دو لاکھ سے زیادہ تھی۔ مسجد کے تمام مرکزی ہال اور گیلریاں نمازیوں سے بھری ہوئی تھیں جس کے بعد سینکڑوں افراد نے مسجد سے باہر ملحقہ پارکوں اور سڑکوں پر چٹائیاں بچھا کر نماز میں شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ کئی سال بعد پہلی مرتبہ مغربی کنارے سے ایک لاکھ بیس ہزار فلسطینی نماز جمعہ ادا کرنے قبلہ اول میں آئے ہیں۔