ضلعی حج کمیٹیوں کو سرکولر کی اجرائی ، 5 اپریل تک پہلی قسط جمع کروانے کی آخری تاریخ
حیدرآباد۔30 مارچ (سیاست نیوز) سنٹرل حج کمیٹی نے حج 2017ء کے تمام منتخب عازمین کی ٹیکہ اندازی کا عمل رمضان المبارک سے قبل مکمل کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ اس سلسلہ میں تلنگانہ حج کمیٹی کو ایک سرکولر روانہ کیا گیا جس میں شہر اور اضلاع سے تعلق رکھنے والے تمام عازمین کی ٹیکہ اندازی رمضان المبارک تک مکمل کرنے کی خواہش کی گئی۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ گزشتہ سال رمضان المبارک کے بعد ٹیکہ اندازی کی گئی تھی لیکن ایام حج کے جاریہ سال قریب آنے کے سبب رمضان سے قبل ہی یہ عمل مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ رمضان المبارک کے دوران عازمین روزے کے باعث ٹیکہ اندازی میں شامل نہیں ہوسکتے۔ عازمین حج کی روانگی کا عمل اگست میں شروع ہوسکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد میں حج کمیٹی اور اضلاع میں متعلقہ حج سوسائٹیوں کی جانب سے ٹیکہ اندازی کیمپ منعقد کیئے جائیں گے۔ اپریل میں حج کمیٹی کو ویکسین پہنچ جائے گی جس کے بعد ٹیکہ اندازی کیمپس کے تاریخوں کا تعین کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اپریل کے آخری ہفتے سے عازمین حج کی تربیتی کلاسس کا آغاز کیا جائے گا۔ حج 2017ء کے تمام منتخب عازمین 5 اپریل تک سفری اخراجات کی پہلی قسط کے طور پر 81 ہزار روپئے جمع کرادیں۔ اس کے علاوہ پاسپورٹ اور میڈیکل سرٹیفکیٹ بھی داخل کرنا ہوگا۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ تلنگانہ حج کمیٹی کے ملازمین اور ضلع حج سوسائٹی کے نمائندوں کے لیے اپریل کے دوسرے ہفتے میں سنٹرل حج کمیٹی کی جانب سے ممبئی میں ٹریننگ کلاسس کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ ہر 200 عازمین کے لیے ایک ٹرینر کا انتخاب کرتے ہوئے ممبئی روانہ کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت نے حج کمیٹی کے لیے مختص کردہ مکمل بجٹ یعنی 3 کروڑ روپئے جاری کردیئے ہیں۔ یہ پہلا موقع ہے جب حج کمیٹی کا مکمل بجٹ جاری کیا گیا ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ جاریہ سال تلنگانہ حکومت مزید بہتر انتظامات کی تیاری کررہی ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کی رہنمائی میں تلنگانہ حج کمیٹی عازمین حج کے لیے کیمپ میں بہتر انتظامات کرے گی اور مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں قیام کے دوران مناسب انتظامات کو یقینی بنائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ رمضان سے قبل حیدرآبادی رباط میں قیام کے لیے قرعہ اندازی کا عمل مکمل کرلیا جائے گا۔ عزیزیہ زمرے سے تعلق رکھنے والے عازمین قرعہ اندازی میں شامل کیئے جائیں گے۔ سابق ریاست حیدرآباد کے تمام علاقوں کے عازمین قرعہ اندازی میں شرکت کے اہل ہیں۔ نظام حیدرآباد نے مکہ مکرمہ میں عازمین کی سہولت کے لیے رباط تعمیر کی تھی جس میں قیام کی مفت سہولت حاصل رہے گی۔ ناظر رباط حسین شریف نے جاریہ سال عازمین کو ایک وقت کا کھانا مفت فراہم کرنے کا پیشکش کیا ہے۔