حیدرآباد ۔ 28 مئی (سیاست نیوز) ماہ جون کے پہلے ہفتہ سے آغاز ہورہے ماہ رمضان المبارک کیلئے بلدیہ کی جانب سے خصوصی انتظامات کئے جائیں گے۔ یہ بات کمشنر بلدیہ ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی نے بتائی۔ انہوں نے آج اس خصوص میں احکامات بھی جاری کردیئے۔ مساجد اور عیدگاہوں کے قریب صفائی کے خصوصی انتظامات کو اہمیت دی جارہی ہے۔ ساتھ ہی مساجد میں بڑے پلاسٹک کے کورس تقسیم کئے جائیں گے تاکہ افطار کے بعد فاضل اشیاء اور صفائی کے بعد کچرا کو ان کورس میں ڈالا جائے۔ احکامات میں بھی یہ بتایا گیا ہیکہ مساجد اور عیدگاہوں کو جانے والے راستوں پر چونے کی مارکنگ کی جائے گی اور مساجد کے اطراف فوری طور پر صفائی کے خصوصی انتظامات رہیں گے اور راستوں کی صفائی اور اسٹریٹ لائیٹس کا انتظام رہے گا۔ مچھر کش ادویات کا چھڑکاؤ، آوارہ کتوں میں پکڑنے آپریشن اور مچھروں کی روک تھام کے اقدامات کئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ رمضان المبارک میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والی حلیم اور ہریس کے علاوہ دیگر غذائی اشیاء کی جانچ کرنے کیلئے فوڈ انسپکٹرس کو احکامات جاری کئے گئے ہیں۔