ماہ صیام المبارک عظمت اور برکت والا مہینہ

جماعت اسلامی کا جلسہ استقبال رمضان، مولانا حامد محمد خان کا خطاب
حیدرآباد۔6مئی(سیاست نیوز)امیر جماعت اسلامی ہند تلنگانہ واڈیشہ مولانا حامد محمد خان نے کہاکہ کئی روایت سے یہ بات ثابت ہے کہ حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ ماہ شعبان کے آخری ایام سے ہی استقبال رمضان کی تیاریاں شروع کردیتے ‘ اور اصحاب کرام کو جمع کرکے فضائل رمضان بیان کرتے۔انہوں نے کہاکہ اللہ کے رسول ؐ کی مقبول سنت استقبال رمضان ہے ۔ وہ یہاں اُردو مسکن میں جماعت اسلامی ہند گریٹر حیدرآباد حلقہ خلوت کے جلسہ استقبال ماہ صیام سے مخاطب تھے۔ اپنے سلسلہ خطاب کو جاری رکھتے ہوئے کہاکہ اللہ کے رسول ﷺنے ماہ صیام کو عظیم مہینہ اور عظمت والا او ربرکت والا مہینہ فرمایاہے ۔ اللہ تبارک وتعالی نے برکت کو اپنے نام میں شامل رکھا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اللہ کے رسول ؐ نے ہمیںبتایاکہ ماہ صیام میں جنت کے دروازے کھولے دئے جاتے ہیںاور جہنم کے دروازے بند کردئے جاتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ حضرت ابوہریرہؓ روایت کرتے ہیں کہ اللہ رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا ہے کہ رمضان وہ مہینہ ہے جس کے آغاز میںرحمت ‘ وسط میںمغفرت اور آخر میںنار جہنم سے نجات ہے‘ اور روزدار جنت میںمخصوص دروازے سے داخل ہونگے۔ انہوں نے کہاکہ اس عظمت والے مہینے کو پاکر روزبلاعذر ‘ معمولی باتوں پر روزے نہیںرکھنا گویا رحمت ‘مغفرت اور نار جہنم سے نجات سے محروم ہوجانا ہے۔