ماہ ستمبر سے تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے عازمین حج کی روانگی کا آغاز ممکن

حیدرآباد ۔ 23 ۔جولائی (سیاست نیوز) حج سیزن 2014 ء کے تلنگانہ اور آندھراپردیش سے تعلق رکھنے والے عازمین حج کی روانگی کا توقع ہے کہ ستمبر سے آغاز ہوگا۔ سنٹرل حج کمیٹی ایرلائینز کے عہدیداروں سے مشاورت کے ذریعہ ہندوستانی عازمین حج کی روانگی اور واپسی کے پروگرام کو قطعیت دینے میں مصروف ہے۔ توقع ہے کہ اگست کے دوسرے ہفتہ سے ہندوستانی عازمین حج کی روانگی کا آغاز ہوگا اور دوسرے مرحلہ میں ستمبر میں آندھراپردیش اور تلنگانہ کے عازمین حج فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے روانہ ہوں گے۔ اسپیشل آفیسر ریاستی حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ دونوں ریاستوں کے عازمین حج حیدرآباد سے سعودی عرب کے لئے پرواز کریں گے۔ حج کمیٹی تقسیم کا عمل جاری ہے۔ تاہم آندھراپردیش کی دوریاستوں میں تقسیم سے قبل درخواستوں کی وصولی کے پیش نظر دونوں ریاستوں کے عازمین موجودہ حج کمیٹی کے ذریعہ ہی روانہ ہوں گے ۔ حج کمیٹی کی تقسیم کے بعد تلنگانہ اور آندھراپردیش کی حج کمیٹیاں اپنے اپنے عازمین کی روانگی کا انتظام کریں گی۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ مرکزی حج کمیٹی کی جانب سے عازمین کی روانگی کے شیڈول کے اعلان کے بعد ریاستی حج کمیٹی حج کیمپ کے انتظامات کو قطعیت دے گی ۔ عازمین حج کے قیام اور طعام کے علاوہ حج ہاؤز کے انتظامات کے سلسلہ میں علحدہ ٹنڈرس طلب کئے جائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ منتخب عازمین حج کی جانب سے رقم کی ادائیگی کا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے۔ 19 جولائی رقم کی ادائیگی کی آخری تاریخ تھی۔ حج کمیٹی کو 5380 عازمین کا کوٹہ الاٹ کیا گیا تھا جن میں 3904 عازمین کا قرعہ اندازی کے ذریعہ انتخاب عمل میں آیا ۔ 1476 عازمین دو محفوظ زمروں کے تحت منتخب قرار دیئے گئے ۔ این آر آئی عازمین نے بھی درخواستیں داخل کی ہیں جن میں محفوظ زمرہ کے تحت 28 اور عام زمرہ کے تحت 89 این آر آئی عازمین نے درخواست داخل کی ۔ انہیں اپنے پاسپورٹ تاخیر سے داخل کرنے کی سہولت دی گئی ہے۔ محفوظ زمرہ کے تحت 17 اور عام زمرہ کے تحت 51 عازمین نے اپنا سفر منسوخ کردیا ۔ سنٹرل حج کمیٹی کی جانب سے اب تک 294 ویٹنگ لسٹ کے عازمین کے ناموں کو منظوری دی گئی۔ توقع ہے کہ مزید 200 عازمین کا ویٹنگ لسٹ سے انتخاب کیا جائے گا۔