ماہ رمضان کی آمد کے ساتھ ہی شہر میں چہل پہل

نماز تراویح میںمصلیوں کا ہجوم ۔مکہ مسجد میں سب سے بڑا اجتماع۔ صفائی و روشنی کا بھی انتظام

حیدرآباد۔6مئی (سیاست نیوز) ماہ رمضان المبار ک کی آمد کے ساتھ ہی شہر میں چہل پہل شروع ہوچکی ہے اور شہر کی مساجد میں مصلیوں کی کثیر تعداد نماز تراویح کیلئے مساجد میں امڈ پڑی ۔ دونوں شہروں میں ماہ رمضان کے چاند کے ساتھ ہی چہل پہل میں اضافہ ہوگیا اور آج دن بھر شعبان المعظم کے آخری دن بازاروں میں گہما گہمی دیکھی گئی اور لوگ خریداری میں مصروف رہے ۔ مغرب کے ساتھ ہی شہریوں میں ماہ رمضان المبارک کے اہتمام کی تیاریاں دیکھی گئیں اور شہر میں تاریخی مکہ مسجد میں نماز تراویح کا سب سے بڑا اجتماع دیکھا گیا جہاں خطیب و امام مکہ مسجد مولانا حافظ محمدرضوان قریشی تراویح میں روزانہ تین پارے قرآن مجید سنانے کی سعادت حاصل کر رہے ہیں۔ ماہ رمضان کے آغاز کے ساتھ ہی شہر کے کئی مقامات پر جی ایچ ایم سی کی جانب سے صفائی کے خصوصی انتظامات کئے گئے اور مساجد کے اطراف صفائی کے ساتھ روشنیو ںکے انتظامات بھی کئے جا چکے ہیں۔ بڑی مساجد کے قریب جی ایچ ایم سی کے علاوہ محکمہ برقی کی جانب سے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں اور سرکردہ مساجد و بازاروں کے قریب محکمہ برقی کی جانب سے موبائیل ٹرانسفارمرس بھی نصب کئے گئے ہیں تاکہ ہنگامی صورتحال یا سربراہی میں خلل کی صورت میں فوری برقی بحالی کو یقینی بنایا جا سکے ۔ حیدرآباد و سکندرآباد میں تاریخی مکہ مسجد کے علاوہ شاہی مسجد باغ عامہ‘ جامع مسجد داراشفاء ‘مسجد عزیزیہ ہمایوں نگر‘ مسجد شاداں وزارت رسول خان ‘ جامع مسجد معظم پورہ‘ جامع مسجد ٹین پوش ‘ جامع مسجد چوک‘ جامع مسجد بارکس کے علاوہ دیگر مساجد میں بھی نماز تراویح میں مصلیوں کی کثیر تعداد دیکھی گئی ۔ مختلف علاقوں میں محکمہ پولیس کی جانب سے بھی امن و ضبط کی برقراری کے علاوہ نگرانی کیلئے انتظامات کئے گئے ہیں اور دن بھر میں بھی محکمہ ٹریفک پولیس کی جانب سے شہر کے مختلف بازاروں کے قریب ٹریفک نظام کو بہتر بنانے اقدامات کرتے دیکھا گیا ۔ ٹریفک کی گہما گہمی پر قابو پانے ٹریفک کا رخ تبدیل کیا گیا جس کے سبب شہریوں کو معمولی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ شہر میں ماہ رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی لوگوں میں نمایاں تبدیلی نظر آنے لگی ۔