ماہ رمضان کا سخاوت و فیاضی سے خاص تعلق

’’سخاوت و انفاق‘‘ پر سالانہ مذاکرہ۔ ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی، پروفیسر سید محمد حسیب الدین حمیدی اور دیگر کے خطابات
حیدرآباد ۔4؍جون ( پریس نوٹ) رمضان مبارک۔ نزول قرآن مجید، فریضہ صوم، عبادت شبانہ، اعمال صالحہ، انفاق اور خدمت خلق سے معنون ہونے کے ساتھ ساتھ اس کے تینوں عشرے رحمت، مغفرت اور نجات کے ساتھ عبارت ہیں۔ آغاز وحی، غزوہ بدر میں مسلمانوں کی کامیابی اور فتح عظیم مکہ مکرمہ کے عظیم الشان واقعات بھی اسی ماہ مبارک سے تعلق رکھتے ہیں۔ نماز پنجگانہ اور روزوں کے ساتھ امت کے متمول صاحبان ثروت مالکین نصاب بالعموم فریضہ زکوٰۃ بھی رمضان شریف میں ادا کرنے کا اہتمام کیا کرتے ہیں اس طرح تین فرض عبادتوں کی یکجائی اس مقدس مہینے کے خصائص سے ہے۔ سخاوت اور فیاضی جو اسلام کی اساسی تعلیمات میں نمایاں ہیں ماہ رمضان سے ان کا خاص تعلق ہے۔ روزہ دار اللہ تعالیٰ کی توفیق اور کرم سے زیادہ سے زیادہ مال اللہ کی راہ میں خرچ کرنے اور مخلوق خدا کی بنیادی ضرورتوں کو پورا کرنے کے جذبہ احسن کے ساتھ سخاوت اور مالی ایثار کیا کرتا ہے۔ سخاوت ایسا وصف ہے جو بندہ کو معبود حقیقی سے قریب کرتا ہے اور مخلوق میں اسے محبوبیت اور عزت سے ہمکنار کرتا ہے۔ سخاوت کے ذریعہ اگر چہ کہ ایک بندہ دوسرے بندوں کی مالی اعانت کرتا ہے لیکن اللہ تعالیٰ اپنے فیاض بندہ کی فیاضی سے خوش ہوکر اسے مزید انعام و اکرام سے مالا مال فرماتا ہے رسولؐ اللہ کے اسوئہ حسنہ، سنت مقدسہ اور ارشادات عالیہ میں سخاوت کا خاص موقف ہے بخشش و خیرات، اپنی خوشی سے اپنی کوئی چیز کسی حاجت مند کو دے دینا، دوسروں کی ضرورتوں کو پورا کرنے کے لئے مالی ایثار کرنا، اوروں کی خوشی اور ضرورت کی تکمیل کے لئے اپنی حاجت و خواہش سے دستبردار ہو جانا، لوگوں کے آرام کے لئے اپنی راحت سے دستکش ہو جانا و نیز اپنے مال، دولت ، اثر و رسوخ کو مخلوق خدا کی بھلائی کی خاطر لگا دینا سخاوت کے مختلف تابناک پہلو ہیں۔ ماہ رمضان مبارک میں سخاوت کا ہر رخ اجر و ثواب کے استحقاق اور ان میں کئی گنا زیادہ عطاء و سرفرازی کا حیلہ ہے۔ رمضان مبارک کے دوران دنیاے اسلام میں سخاوت اور فیاضانہ سرگرمیاں نقطہ عروج پر ہوتی ہیں یہ کہا جا سکتا ہے کہ سخاوت درحقیقت روح زکوٰۃ ہے۔علماء کرام اور دانشور حضرات نے آج صبح ۹ بجے ’’ایوان تاج العرفاء حمیدآباد‘‘ واقع شرفی چمن،سبزی منڈی قدیم اور ۳۰:۱۱ بجے دن جامع مسجد محبوب شاہی ، مالاکنٹہ روڈ،روبرو معظم جاہی مارکٹ میں اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل انڈیا ( آئی ہرک) کے زیر اہتمام ’’۱۲۵۴‘‘ ویں تاریخ اسلام اجلاس کے موقع پر منعقدہ موضوعاتی مذاکرہ ’’انفاق‘‘میں حصہ لیتے ہوے ان خیالات کا مجموعی طور پر اظہار کیا۔ مذاکرہ کی نگرانی ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائریکٹر آئی ہرک نے کی۔قرآن حکیم کی آیات شریفہ کی تلاوت سے مذاکرہ کا آغاز ہوا۔ نعت شہنشاہ کونین ؐپیش کی گئی اہل علم اور باذوق روزہ دار سامعین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ پروفیسر سید محمد حسیب الدین حمیدی ،مولانا سید محمد سیف الدین حاکم حمیدی اور جناب سید محمد علی موسیٰ رضا حمیدی نے بھی مخاطب کیا۔