تعمیراتی و ترقیاتی کاموں پر عہدیداروں کا اظہار اطمینان، وزیر بلدی نظم و نسق کا بلدیہ عہدیداروں سے بات چیت کے بعد فیصلہ
حیدرآباد۔6مئی(سیا ست نیوز) تاریخی چارمینار کے دامن میں جاری چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے کاموں کو ماہ رمضان المبارک کے دوران بند نہ کرنے اور ترقیاتی کامو ںکے سلسلہ کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ ماہ رمضان المبارک کے دوران کسی بھی کام کو روکا نہیںجائے گا بلکہ صرف ان تعمیری کاموں میں سست روی دیکھی جائے گی جن کے سبب راستوں کو مسدود کرنے کی ضرورت محسوس کی جاتی ہے۔ ریاستی وزارت بلدی نظم و نسق اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں نے اس سلسلہ میں تفصیلی مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے کہ کسی بھی ترقیاتی کام کو روکا نہ جائے بلکہ کاموں میں تیزی پیدا کی جائے لیکن جن مقامات پر راستوں کے مسدود کئے جانے سے شہریوں کو مشکلات پیدا ہوتی ہوں ان علاقو ںمیں کاموں کو کچھ سست کیا جائے لیکن چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے سلسلہ میں جو رکاوٹیں کھڑی جا چکی ہیں وہ رکاوٹیںمستقل ہیں ان رکاوٹوں میں کاموں کی تکمیل کے بعد ہی تبدیلی ممکن ہے اسی لئے ماہ رمضان المبارک کے دوران کسی کام کو روکا نہیں جائے گا بلکہ صاف ستھرے ماحول کی فراہمی کے اقدامات کئے جائیں گے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے جاری تعمیری وترقیاتی کاموں پر عہدیداروں نے اطمینان کا اظہا ر کیا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ آئندہ ایک ماہ کے دوران کاموں کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے گا اور بہتر سے بہتر ماحول کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ ریاستی حکومت کی جانب سے چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کی جاریہ سال ڈسمبر تک تکمیل کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ ڈسمبر سے قبل کام کی تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے شب و روز ترقیاتی کاموں کا سلسلہ جاری ہے ۔ پیدل راہرو پراجکٹ کے حدود میں رمضان المبارک کے دوران ٹھیلہ بنڈی رانوں کے کاروبار کو متاثر ہونے سے بچانے کے لئے انہیں بس اسٹینڈ میں عارضی طور پر تجارت کی اجازت فراہم کی جائے گی لیکن محکمہ پولیس اور بلدیہ کے عہدیداروں نے یہ واضح کردیا ہے کہ ٹھیلہ بنڈی رانوں کو پراجکٹ کے حدود میں داخل ہونے کی قطعی اجازت نہیں دی جائے گی اور کہا جا رہا ہے کہ جو ٹھیلہ بنڈی راں اب بھی پیدل راہرو پراجکٹ کے حدود میں موجود ہیں انہیں ماہ رمضان المبارک کے فوری بعد یا پھر ان مقامات کی ضرورت کے اعتبار سے پراجکٹ کے حدود سے نکال باہر کردیاجائے گا اور چارمینار کی خوبصورتی کو اولین ترجیح دی جائے گی کیونکہ اس پراجکٹ سے علاقہ کی ترقی ہوگی۔