ماہ رمضان میں نمائش اور سیل کے اسٹال کے لیے پیشگی اجازت ضروری

بغیر اجازت نمائش یا سیل کا اہتمام کیا جائے تو مہر بند کردیا جائے گا ، جی ایچ ایم سی کمشنر کا بیان
حیدرآباد۔7مئی (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں ماہ رمضان المبارک کے دوران لگائی جانے والی نمائش اور سیل کے لئے قبل از وقت اجاز ت کے حصول کا لزوم عائد ہے اور اس کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نمائش اور سیل منعقد کرنے کی شکایات موصول ہونے پر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے ان نمائش و سیل کو مہر بند کردیا جائے گا۔ جی ایچ ایم سی عہدیداروں کو کمشنر جی ایچ ایم سی مسٹر دانا کشور نے ہدایت دی کہ شہر میں ماہ رمضان المبارک کے دوران منعقد کئے جانے والے سیل اور نمائش کے انعقاد کے لئے درکار اجازت ناموں کے بغیر اگر کوئی نمائش قائم کی جاتی ہے تو اسے فوری طور پر مہر بند کرنے کے اقدامات کئے جائیں اور ذمہ داران کے خلاف کاروائی کی جائے ۔ کل ہند صنعتی نمائش میں آگ لگنے کے واقعہ کے بعد ریاستی حکومت اور ضلع کلکٹر حیدرآباد کی جانب سے رہنمایانہ خطوط کی اجرائی کے ذریعہ اس بات کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے گئے ہیں اور اس سلسلہ میں جی ایچ ایم سی کے علاوہ دیگر متعلقہ محکمہ جات کے عہدیداروں کو بھی اس بات کا پابند بنایا جا چکا ہے کہ وہ اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے درکار اجازت ناموں کا مشاہدہ کریں اور فائر سیفٹی و دیگر امور کی تکمیل کی صورت میں ہی ان نمائش اور سیل کو جاری رکھنے کی اجازت دی جائے ۔بتایاجاتا ہے کہ شہر حیدرآباد میں ماہ رمضان المبارک کے دوران شادی خانوں میں لگائے جانے والے سیل اور نمائش کے لئے بہت کم درخواستیں وصول ہوئی ہیں اور ان درخواستوں کا جائزہ لینے کے بعد شہر میں بعض نمائش اور سیل کیلئے اجازت فراہم کردی گئی ہے لیکن جی ایچ ایم سی عملہ کو اس بات کی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ تمام شادی خانوں پر نگاہ رکھیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ کسی بھی جگہ پر بغیر اجازت کوئی نمائش اور سیل کا انعقاد نہ ہوسکے۔دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں محکمہ پولیس اور ٹریفک پولیس کی جانب سے اس بات کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں کہ شہر میں ماہ مقدس کے دوران قائم کی جانے والی نمائش اور سیل کے لئے جلد ازجلد اجازت ناموں کی اجرائی کو یقینی بنایاجائے اور کسی بھی درخواست کو زیر التواء نہ رکھا جائے۔جی ایچ ایم سی عہدیداروں اور ضلع انتظامیہ نے محکمہ پولیس کے عہدیداروں سے بھی خواہش کی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں قائم کئے جانے والے نمائش اور سیل کی تفصیلات جمع کرتے ہوئے ان لوگوں کے خلاف کاروائی کریں جو کہ بغیر اجازت کے حصول کے یہ سیل اور نماشء کا انعقاد عمل میں لا رہے ہیں اور کسی بھی مقام پر اس طرح کے سیل اور نمائش کے انعقاد کے لئے محکمہ برقی ‘ پولیس‘ فائر کی جانب سے لازمی اجازت کے حصول کے بعد ہی مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے اجازت فراہم کی جائے گی۔