حیدرآباد ۔ 20۔ مئی (سیاست نیوز) ماہِ رمضان المبارک کے دوران بلا وقفہ برقی سربراہی کو یقینی بنانے کیلئے فوری طورپر حکومت کیجانب سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کرتے ہوئے احکام جاری کئے جانے کی ضرورت ہے ۔ چونکہ ماہِ رمضان المبارک کے انتظامات کے سلسلہ میں اجلاس جو منعقد ہوا کرتا ہے وہ روایتی طور پر رمضان کی آمد سے 10 ، 15 دن قبل منعقد کیا جاتا ہے ، اس کے بعد جو وقت دستیاب رہتاہے ، اتنے وقت میں ٹرانسفارمر کی تبدیلی کے علاوہ کمزور برقی لائینس کی تبدیلی ممکن نہیں ہوپاتی۔ اسی لئے عارضی انتظامات کئے جاتے ہیں جو کہ عموماً ناکافی ثابت ہوتے ہیں۔ محکمہ برقی کے اعلیٰ عہدیداروں کو چاہئے کہ وہ فوری طور پر ماہِ رمضان المبارک کے دوران معیاری و بلا وقفہ برقی سربراہی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کا آغاز کریں اور حکومت کو پرانے شہر کے علاوہ شہر کے دیگر اقلیتی غالب آبادی والے علاقوں میں درپیش برقی مسائل سے واقف کرواتے ہوئے طویل عرصہ سے عدم منظورہ کاموں کی عاجلانہ منظوری کرواتے ہوئے مرمتی کاموں کا آغاز کیا جائے۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے بموجب پرانے شہر کے علاقہ میں بیشتر ٹرانسفارمرس کی تبدیلی ناگزیر ہے اور اس سلسلہ میں متعلقہ عہدیداروں کے پاس رپورٹ بھی موجود ہیں لیکن حکومت و اعلیٰ عہدیداروں کی جانب سے اختیار کردہ سرد مہری والا رویہ ٹرانسفارمرس کی تبدیلی میں رکاوٹ بنا ہوا ہے۔ اسی لئے ماہِ رمضان المبارک کی آمد سے قبل اگر اقدامات یقینی بنائے جاتے ہیں تو ایسی صورت میں پرانے شہر میں موجود برقی مسائل کو حل کیا جاسکتا ہے۔