ماہ ربیع الاول کا پہلا جمعہ مسجد الحرام نمازیوں سے بھرپور

مکہ مکرمہ ، 10 جنوری (جلیل ازہر کا ای میل) ماہ ربیع الاول کے آج پہلے جمعہ کے موقع پر یہاں فرزندان توحید کا زبردست اجتماع دیکھنے میں آیا جبکہ دو نماز جمعہ سے دو گھنٹے قبل ہی مسجد الحرام مکمل طور پر بھرچکی تھی۔ نمازیوں کی کثیر تعداد کے سبب صحن اور قریب کی سڑکوں پر بھی نمازیوں کی صفیں دیکھی گئیں۔ عمرہ ویزا کا آغاز چند ہفتے قبل ہوا ہے۔ اور دنیا کے مختلف مقامات سے عازمین عمرہ کی بڑی تعداد مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کو پہنچ رہی ہے۔ ان دنوں یہاں موسم بھی کافی خوش گوار ہے جبکہ رات دیر گئے بوندا باندی بھی ہوئی اور دن میں مطلع ابرآلود رہا۔ مسلمانان عالم کا عظیم الشان اجتماع روح پرور منظر پیش کر رہا تھا۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ماہ ربیع الاول کے آغاز پر اس قدر بڑی تعداد انھوں نے پہلے کبھی نہیں دیکھی تھی۔