ہاویری ؍ چکمگلور ۔ /13 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس پر شدید تنقید کرتے ہوئے بی جے پی وزارت عظمیٰ امیدوار نریندر مودی نے الزام عائد کیا کہ صدر سونیا گاندھی کی اپنے بیٹے راہول گاندھی سے اندھی محبت ملک کو تباہ کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یو پی اے حکومت کا ریموٹ کنٹرول بھی سونیا گاندھی کے ہاتھ میں تھا ۔ انہوں نے انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم منموہن سنگھ کے سابق میڈیا مشیر سنجے بارو کی کتاب کا بھی حوالہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر دو اسکوٹرس میں تصادم ہوجائے تو دو یا تین لوگ مریں گے ، دو بسوں میں ٹکر ہو تو 40 تا 50 لوگ مریں گے ۔ اگر دو طیارے حادثہ کا شکار ہوجائیں تو 700 تا 800 لوگ مریں گے اور اگر دو ٹرینوں میں ٹکر ہوجائے تو 200 تا 300 لوگ مریں گے ۔ لیکن اگر کوئی حادثاتی طور پر وزیراعظم بن جائے تو 125 کروڑ عوام کی موت ہوجائے گی ۔
ہمارے نوجوانوں کا مستقبل تاریکی میں غرق ہوجائے گا ۔ انہوں نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پوچھا کہ کیا وہ دہلی میں ایک معذور حکومت چاہتے ہیں ؟ کیا وہ ایک بہری حکومت کے خواہاں ہیں ؟ کیا آپ ریموٹ کنٹرول سے چلائی جانے والی حکومت کو پسند کرتے ہیں ؟ کیا آپ ایک ایسی حکومت چاہتے ہیں جو ہاسپٹل میں بستر مرگ پر پڑی ہوئی ہے ؟ تمام شرکاء نے نفی میں جواب دیا ۔ مودی نے کہا کہ یہ وقت کا تقاضہ ہے کہ ہم کو دہلی میں ایک مضبوط حکومت کی ضرورت ہے اگر مرکز میں ایک مضبوط حکومت ہوگی تو اس کے مضبوط ارادے اور عزائم بھی ہوں گے ۔ اس کے اقدامات بھی ٹھوس ہونگے ۔ملک بھی مضبوط بن جائے گا۔ نریندر مودی نے یہ بھی کہا کہ ملک کی کئی ریاستوں میں کانگریس کا کھاتہ نہیں کھلے گا اور ایسی کئی ریاستیں ہوں گی جہاں کانگریس دو ہندسی نشانہ پارنہ کرسکے گی ۔
اس مرتبہ کانگریس حکومت والی ریاستوں میں اس کی اکثریت واحد ہند سی پر سمٹ کر رہ جائے گی ۔ بی جے پی کے وزارت عظمی کے امیدوار نے ریموٹ کنٹرول سے متعلق یہ تنقید اس تناظر میں کی ہے کہ کل ہی وزیر اعظم منموہن سنگھ کے سابق مشیر سنجے بارو کی کتاب جاری ہوئی تھی جس میں انہوں نے وزیر اعظم منموہن کو ایک کمزور وزیر اعظم قرار دیتے ہوئے لکھا تھا کہ سونیا گاندھی کے ہاتھ میں حکومت کا ریموٹ کنٹرول ہے ۔ نریندر مودی نے وزیر پٹرولیم ویرپا موئیلی پر بھی تنقید کی اور کہا کہ انہوں نے عوام کیلئے پکوان گیاس کے سیلنڈرس کی مقدار 9 یا 11 کردی ہے ۔ موئیلی جی نے پانچ سال تک محکمہ میں خدمت انجام دی ہے لیکن انہوں نے اپنے حلقہ کیلئے ایک پیسہ کا کام نہیں کیا یہاں کے عوام کو جو کچھ مسائل کا سامنا ہے سارے ملک کے عوام کا بھی یہی حال ہے۔