ناجائز تعلقات میں رکاوٹ اور آشنا کی برہمی پر سفاکانہ اقدام
حیدرآباد۔ 3 ڈسمبر (سیاست نیوز) ایس آر نگر علاقہ میں ایک دلخراش واقعہ میں ایک ماں نے آشنا کیلئے اپنی 4 سالہ بیٹی کو گرم توے پر بٹھادیا جس کے نتیجہ میں وہ جزوی طور پر جھلس گئی۔ تفصیلات کے بموجب ایم للیتا اور اس کے آشنا وائی پرکاش کا تعلق آندھرا پردیش سے ہے، روزگار کی تلاش میں شہر منتقل ہوکر ایک ہاسٹل میں باورچی اور واچ مین کی ملازمت کررہے تھے۔ للیتا نے اپنے پہلے شوہر سے علیحدہ ہونے کے بعد پرکاش سے تعلقات قائم کرلئے اور دونوں ساتھ رہ رہے تھے۔ پرکاش نے کئی مرتبہ لڑکی کی موجودگی پر اعتراض کیا جس کے نتیجہ میں جھگڑا ہوا کرتا تھا۔ للیتا نے مبینہ طور پر اپنی 4 سالہ لڑکی کو گرم توے پر بٹھا دیا جس کے سبب وہ زخمی ہوگئی۔ للیتا اور پرکاش نے زخمی لڑکی کو ’بھروسہ سنٹر‘ منتقل کرکے بتایا کہ یہ گمنام لڑکی انہیں دستیاب ہوئی ہے جبکہ کمسن لڑکی کے بیان سے یہ صاف ظاہر ہوا ہے کہ للیتا اس کی ماں ہے اور اس نے یہ وحشیانہ اذیت دی ہے۔ پولیس کے روبرو یہ بیان کے بعد انسپکٹر محمد وحیدالدین نے اس غیرانسانی واقعہ کا سخت نوٹ لے کر محکمہ بہبودیٔ اطفال کو آگاہ کیا اور عہدیداروں کی شکایت پر للیتا و پرکاش کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کرلیا۔ لڑکی کو علاج کیلئے دواخانہ میں شریک کیا گیا ہے۔
بیوی سے جھگڑے کے بعد تاجر نے خود کشی کرلی
حیدرآباد۔ 3 ڈسمبر (سیاست نیوز) چارمینار کے علاقہ رِکاب گنج میں پیش آئے ایک واقعہ میں بیوی سے جھگڑے کے بعد تاجر نے پھانسی لے کر خودکشی کرلی۔ بتایا جاتا ہے کہ 42 گرو داس نے اپنی بیوی رینا سے آئے دن ہونے والے جھگڑے کے سبب پھانسی لیتے ہوئے خودکشی کرلی۔ پولیس چارمینار نے اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کرلیا ہے اور تحقیقات شروع کردیں۔