ماں اور بیٹے کو پس پردہ حکومت چلانے کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا

منموہن سنگھ کے سابق مشیر کی کتاب کے انکشافات پر نریندر مودی کا اظہار خیال، پی ایم او سے بھی وضاحت کی خواہش

ککوائی جان (آسام) 19 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی نے صدر کانگریس سونیا گاندھی اور نائب صدر راہول گاندھی پر شدید تنقید کی اور کہاکہ یو پی اے حکومت کو پس پردہ چلانے کا خمیازہ ان دونوں ماں بیٹے کو بھگتنا پڑے گا۔ وزیراعظم کے سابق مشیر کی کتاب میں کئے گئے ادعا جات پر مودی نے کہاکہ سونیا گاندھی اور راہول نے مل کر یو پی اے حکومت کو چلایا ہے۔ یہ کتاب سنجے بارو نے شائع کی ہے۔ مودی نے کہاکہ کتاب میں جو کچھ کہا گیا ہے یہ تو ہم (بی جے پی) ایک عرصہ سے کہتے آرہے ہیں۔ یہ ماں اور بیٹے مل کر ہی اصل فیصلے کرتے ہیں اور بیچارے منموہن سنگھ صرف ایک کٹھ پتلی کا کام کررہے ہیں۔

نریندر مودی نے ضلع بائیگواتی کاون میں ککوائی جان حلقہ میں جلسہ عام سے خطاب کیا اور کہاکہ کتاب سے یہ واضح ہوتا ہے کہ اصل وزیراعظم کون تھا۔ اس بارے میں منموہن سنگھ کیا کہتے ہیں اب کوئی اہمیت نہیں ہے۔ البتہ دونوں ماں بیٹے قوم کے سامنے جوابدہ ہیں۔ کانگریس پر مسلسل تنقید کرتے ہوئے بی جے پی وزارت عظمیٰ کے امیدوار نے کہاکہ آج مجھے بہت دلچسپ خبر ملی ہے۔ پی ایم او نے کہاکہ وزیراعظم منموہن سنگھ نے گزشتہ 10 سال کے دوران 1100 تقاریر کی ہیں۔ اس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ وزیراعظم مون (خاموش) موہن سنگھ نہیں ہیں۔ اس بیان کو وزیراعظم کے مراسلاتی مشیر پنکج پچوری نے کل جاری کیا تھا تاکہ منموہن سنگھ کے سابق مشیر سنجے بارو کی کتاب سے ہونے والے صدمہ کا جواب دیا جاسکے۔

نریندر مودی نے کہاکہ اگر پی ایم او اس مسئلہ پر مزید مناسب وضاحت کرے تو ٹھیک ہے اور یہ بھی بیان جاری کرے کہ آیا وزیراعظم نے اپنی 10 اسلہ حکمرانی کے دوران غریبوں اور عام آدمی کے لئے کیا کام انجام دیا ہے۔ کانگریس کی اعلیٰ قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اُنھوں نے کہاکہ کانگریس کی یہ عادت بن چکی ہے کہ وہ ملک بھر میں جھوٹ پھیلاتے پھرے۔ سونیا گاندھی اور راہول گاندھی دن بھر جھوٹ بولتے رہتے ہیں۔ اب یہ جھوٹ بولا جارہا ہے کہ گجرات میں اسمال اسکیل صنعتیں بند ہورہی ہیں۔ عملاً کانگریس کے نائب صدر کو چیلنج کرتے ہوئے نریندر مودی نے کہاکہ آج ہم دونوں آسام میں ہیں تو چلئے آیئے ہم آمنے سامنے ہوکر مل بیٹھیں گے اور گجرات کو بھول کر یہ غور کریں کہ آسام میں 3 مرتبہ حکومت میں رہنے والے کانگریس کے چیف منسٹر نے کیا خدمت انجام دی ہے۔ اور اُنھوں نے ریاست میں بند ہوئی اشوک پیپر ملز کو دوبارہ کھولنے کے لئے اُنھوں نے کیا کام انجام دیا ہے۔ کیا اُنھوں نے نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کئے ہیں۔

بی جے پی کو ملک کی فکر نہیں: اجئے سنگھ
بھوپال 19 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس لیڈر اجئے سنگھ نے آج کہاکہ بی جے پی کو صرف ایک لیڈر کی فکر ہے۔ سارا ملک اِس کے نزدیک کوئی اہمیت نہیں رکھتا۔ کانگریس کو پورے ملک کی فکر رہتی ہے۔ مدھیہ پردیش اسمبلی میں سابق اپوزیشن لیڈر نے بی جے پی پر الزام عائد کیاکہ وہ صرف نریندر مودی کے حق میں مہم چلارہی ہے۔ جبکہ کانگریس کو پورے ہندوستان کے عوام کی فکر ہے۔
یو پی اے کے کارناموں کا ذکر کرتے ہوئے اُنھوں نے کہاکہ کانگریس نے شاندار مخلوط حکومت چلائی ہے۔