ماڈل آر ٹی ای قواعد کی عمل آوری کے لیے حکومت سے مطالبہ

حیدرآباد ۔ 7 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ ریاست میں ماڈل آر ٹی ای قواعد کی عمل آوری کے لیے بنائی گئی مشترکہ ایکشن کمپین کمیٹی نے حکومت تلنگانہ پر زور دیا ہے کہ وہ غیر اقلیتی اسکولوں کے غریب طلباء کے لیے داخلے فیس کی سہولتوں کو موثر طریقہ سے روبہ عمل لائیں اور اس کو فی الفور یقینی طور پر مکمل کریں ۔ سپریم کورٹ نے اپنے حالیہ فیصلہ میں بھی کہا ہے کہ ان اسکولوں میں دیگر طلباء کی اکثریت کا 25 فیصد غریب طلباء کو مفت داخلے دئیے جائیں ۔ جوائنٹ ایکشن کمپین کمیٹی برائے عمل آوری ماڈل آر ٹی وی داس نے سیاسی پارٹیوں کا ایک اظہار یگانگت اجلاس منعقد کیا جس میں پروفیسر کودنڈا رام کنوینر تلنگانہ جے اے سی ، مسٹر عزیز پاشاہ سابق ایم پی ، مسٹر اے پربھاکر ایم ایل سی ( ٹی آر ایس ) ، مسٹر ٹی ویربھدرم اسٹیٹ سکریٹری سی پی ایم ، پی رام موہن راؤ ریاستی صدر تلنگانہ لوک ستہ مسٹر وینکٹ ریڈی ریاستی سکریٹری عام آدمی پارٹی ، وائی سریش کمار اسٹیٹ سکریٹری مزدور مورچہ ( بی جے پی ) مسٹر حامد محمد خاں ویلفیر پارٹی آف انڈیا ، مسٹر امجد اللہ خاں خالد ایم بی ٹی ، این جی اوز اور سیول سوسائٹی کے کئی نمائندوں نے خطاب کیا ۔ اس کمیٹی نے حکومت تلنگانہ پر زور دیا کہ وہ تمام ضروری اقدامات کرتے ہوئے ان قواعد کو روبہ عمل لائے ۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ چیف منسٹر اور ڈپٹی چیف منسٹر سے ایک وفد ملاقات کرے گا اور اس خصوص میں نمائندگی کی جائے گی ۔۔