حیدرآباد ۔ 16 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : نائب صدر جمہوریہ ہند ایم وینکیا نائیڈو نے آج کہا کہ نیوکلیر الیکٹریسٹی سے بڑی حد تک گرین ہاوز گیس اخراج میں کمی ہوسکتی ہے اور اس سے ملک میں برقی کی بڑھتی مانگ کو پورا کیا جاسکتا ہے ۔ حیدرآباد میں اٹامک منیرلس ڈائرکٹوریٹ فار ایکسپلوریشن اینڈ ریسرچ (AMD) کے سائنس دانوں اور اسٹاف سے مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج موسمی تبدیلی ماحولیات کیلئے ایک تشویشناک امر ہے ۔ یہ کہتے ہوئے کہ آج یہ وقت کا تقاضا ہے کہ عصری ٹکنالوجیز کو محفوظ اور قابل بھروسہ بنایا جائے نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ نیوکلیر پاور ایک قابل بھروسہ اور محفوظ انرجی آپشن ہے اور اس فیلڈ میں ہندوستان کی پیشرفت کی ستائش کی ۔ اس موقع پر ڈائرکٹر اے ایم ڈی مسٹر ایم بی ورما اور دیگر سینئیر سائنس داں اور عہدیدار موجود تھے ۔ قبل ازیں اے ایم ڈی کے عہدیداروں نے اس ادارہ کی کارکردگی سے متعلق ایک پریزینٹیشن دیا ۔۔