ماؤنٹ ایورسٹ کی ازسرنو پیمائش کا منصوبہ

حیدرآباد 24 جنوری (پی ٹی آئی) سروے آف انڈیا کی جانب سے عنقریب ماؤنٹ ایوریسٹ کی بلندی کو ازسرنو ناپنے کا پراجکٹ شروع کیا جائے گا۔ سائنٹفک برادری کے بعض گوشوں نے نیپال میں تقریباً دو سال قبل آئے تباہ کن زلزلے کے بعد یہ اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ دنیا کی سب سے اونچی چوٹی کی بلندی میں نمایاں کمی آئی ہے۔ سرویئر جنرل آف انڈیا سورنا سبا راؤ نے بتایا کہ اِس پراجکٹ کے لئے جن منظوریوں کی ضرورت ہے اُسے حاصل کیا جارہا ہے اور یہ کام پورا کرنے پر مستقبل میں سائنٹفک مطالعہ میں سہولت ہوگی۔ اُنھوں نے کہاکہ ہم ماؤنٹ ایورسٹ کی چوٹی تک پہونچنے کے لئے ایک ٹیم بھیج رہے ہیں۔ اُنھوں نے بتایا کہ 1855 ء میں اِسے دنیا کی سب سے بلند چوٹی قرار دیا گیا تھا۔ دیگر کئی اداروں نے اِس کی پیمائش کی لیکن سروے آف انڈیا کی رپورٹ کو حتمی تصور کیا جاتا ہے جس نے بتایا تھا کہ ماؤنٹ ایورسٹ کی بلندی 29,028 فیٹ ہے۔