ڈومکا 2 جون (سیاست ڈاٹ کام) جھارکھنڈ کے ضلع ڈومکا میں ماؤنوازوں اور سکیورٹی فورسیس کے درمیان انکاؤنٹر میں شترا سیمابل کا ایک جوان ہلاک اور دیگر چار زخمی ہوگئے۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ وائی ایس رمیش نے کہاکہ اس انکاؤنٹر میں کم سے کم پانچ انتہا پسند بھی گولی لگنے سے زخمی ہوگئے لیکن وہ تالڈنگال کے گھنے جنگلات میں فرار ہوگئے جنھیں پکڑنے کیلئے تلاشی مہم شروع کی گئی ہے۔ ماؤنوازوں نے رات تقریباً 3.30 بجے اس علاقہ میں شترا سیما بل اور مقامی پولیس اہلکاروں کو دیکھنے کے بعد ان پر فائرنگ کی تھی اور سکیورٹی اہلکاروں نے جوابی فائرنگ کی۔ فائرنگ کے تبادلہ میں شسترا سیما بل کے پانچ جوان زخمی ہوگئے جن میں ایک فوت ہوگیا۔