کٹھمنڈو ۔ 18 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ہمالیائی چوٹی ماونٹ ایوریسٹ پر آج برف کا ایک بڑا تودا گر پڑا، جس کے نتیجہ میں کم سے کم 12 نیپالی شیرپا (کوہ پیما گائیڈس) ہلاک اور دیگر 10 زخمی ہوگئے۔ دنیا کی بلند ترین پہاڑی چوٹی پر کوہ پیمائی کا یہ ایک انتہائی بدترین اور ہلاکت خیز حادثہ ہے۔ 5,800 میٹرس کی بلندی پر واقع پاپ کارن فلڈ سے موسوم علاقہ میں صبح 6.45 بجے یہ حادثہ پیش آیا۔ نیپالی وزارت سیاحت نے شعبہ کوہ پیمائی کے ایک عہدیدار تلک پانڈے نے کہا کہ مقام حادثہ سے 12 کوہ پیماؤں کی نعشیں برآمد کرلی گئی ہیں۔ بتایا کہ کچھ گائیڈوں کو بچا لیا گیا ہے جب کہ دیگر کی تلاش کے لئے کاروائی جاری ہے۔شرپا گائیڈز کے ارکان صبح اس علاقے میں کوہ پیماؤں کے لیے رسیاں لگانے گئے تھے کہ برفانی تودہ گر گیا۔ 1953 میں پہلی مرتبہ تسخیر کیے جانے بعد سے اب تک تین ہزار سے زائد لوگوں نے اسے سر کیا ہے اور اس دوران بہت سے کوہ پیما ہلاک ہو چکے ہیں۔چین اور نیپال دونوں کی علاقائی حدود میں پھیلی یہ دنیا کی بلند ترین چوٹی ہے جس کی اونچائی 8848 میٹر یا 29029 فٹ ہے