ماوسٹوں نے گاڑیوں کو نذرآتش کردیا

رایاگڈہ (اڈیشہ) ۔ 29 مئی (سیاست ڈاٹ کام) رایاگڈہ ڈسٹرکٹ میں مسلح ماؤسٹوں نے ایک تعمیری مقام پر کئی گاڑیوں اور سازوسامان کو نذرآتش کردیا۔ پولیس نے بتایا کہ اس واقعہ میں کسی کی ہلاکت کی اطلاع نہیں ہے۔ پولیس نے کہا کہ تعمیری مقام پر رات میں مسلح ماؤسٹوں نے ہلہ بول دیا اور تین ٹریکٹرس، تعمیری کاموں میں استعمال کی جانے والی ایک بڑی مشین اور ایک موٹر سائیکل کو نذرآتش کردیا جو ایک کنٹراکٹر کی ملکیت تھی۔ گوما اور کھامبیو کے درمیان سڑک کی تعمیر کا کام چل رہا ہے۔ حملے کے بعد ماؤسٹوں قریبی جنگل میں فرار ہوگئے۔ ماؤسٹ وہاں ایک پوسٹر بھی چھوڑ کر گئے ہیں جس میں کنٹراکٹر کے نام ایک تحریر ہے جس میں اسے انتباہ دیا گیا ہیکہ وہ سڑک کی تعمیر کا کام فوری بند کردے۔

عالمی یوم تمباکو مخالف تمباکو کے
موقع پر اسکولی بچوں کی ریالی
نئی دہلی ۔ 29 مئی (سیاست ڈاٹ کام) وزیرصحت و خاندانی بہبود ڈاکٹر ہرش وردھن کل نرمان بھون سے ’’عالمی یوم مخالف تمباکو ‘‘ کے موقع پر 200اسکولی بچوں کی ایک ریالی کو ہری جھنڈی دکھائیں گے۔ ریالی کے افتتاح کے بعد بچے انڈیا گیٹ پہنچیں گے جہاں انہیں ہلکا پھلکا ناشتہ سربراہ کیا جائے گا۔ وزارت صحت و خاندانی بہبود نے عالمی صحت تنظیم (WHO) کے ساتھ عالمی و یوم مخالف تمباکو کے موقع پر جن پروگرامس کو قطعیت دی ہے، مذکورہ ریالی بھی اس پروگرام کا حصہ ہے جس کا مقصد تمباکو کے استعمال سے صحت کو ہونے والے نقصانات کے بارے میں بیداری پیدا کرنا ہے اوران پالیسیوں کی تائید کرنا ہے جس کے ذریعہ تمباکو کے ذریعہ صحت کو لاحق نصانات کو کم کیا جاسکے۔ یاد رہیکہ ہر سال 31 مئی کو ’’عالمی یوم مخالف تمباکو ‘‘منایا جاتا ہے۔