مانیمار ، روہنگیائی مسلمانوں کو واپس لینے تیار،راکھین واقعات کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا

سنگاپور ۔ 2 ۔ جون : ( سیاست ڈاٹ کام ) : مانیمار کے قومی سلامتی مشیر تھانگ ٹون نے آج کہا کہ مانیمار تمام 7,00,000 روہنگیائی مسلمانوں کو واپس لینے کا خواہاں ہے جو بنگلہ دیش فرار ہوئے ہیں ۔ اگر مانیمار کی ریاست راکھین میں صورتحال اس بات کے متقاضی ہو تو ہم تمام مسلمانوں کو واپس لے لیں گے ۔ جہاں روہنگیائی باشندوں کی اکثریت رہتی ہے ۔ ان مسلمانوں کی جان و مال کی حفاظت اقوام متحدہ کے محفوظ فریم ورک میں کرنا ہماری ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ 7 لاکھ روہنگیائی مسلمانوں کو رضاکارانہ طور پر واپس بھیج دیں گے تو ہم انہیں قبول کریں گے ۔ کیا اس کو نسلی صفایا کہیں گے ؟ اگست 2017 سے تقریبا 7 لاکھ روہنگیائی مسلمان بدھسٹ علاقہ میں فوجی کارروائی کے بعد پڑوسی ملک فرار ہوئے تھے اس کارروائی میں کئی مسلمانوں کی ہلاکت ، خواتین کی عصمت ریزی اور بڑے پیمانے پر آتشزدگی کے واقعات رونما ہوئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ مانیمار اس بات کی ہرگز تردید نہیں کرتا کہ یہاں انسانی بحران پیدا نہیں ہوا ہے اور یہ بھی نہیں کہا جاسکتا کہ یہاں مسلم طبقہ کو بدھسٹوں نے نشانہ نہیں بنایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فوج کو اپنے ملک کی دفاع کرنے کا حق ہے اگر تحقیقات سے پتہ چلے کہ فوج نے غیر قانونی طریقہ اختیار کیا ہے تو کارروائی کی جائے گی ۔۔
مصری صدر السیسی کی دوسری میعاد شروع
قاہرہ۔ 2 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) صدر عبدالفتاح السیسی نے آج مصری پارلیمنٹ میں دوسری بار صدر کا عہدہ سنبھال لیا جنہوں نے گزشتہ مارچ میں منعقدہ صدارتی انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی۔ سابق انٹلی جنس سربراہ اور وزیردفاع عبدالفتاح السیسی نے 2013 ء میں مصر کے منتخب صدر محمد مرسی کے خلاف عوامی مظاہروں کے بعد ان کا تختہ پلٹ دیا تھا ۔ جس کے ایک سال بعد انہیں پہلی بار مصر کا صدر منتخب کیا گیا تھا۔ مارچ کے صدارتی انتخابات میں سیسی کو 97 فیصد ووٹ حاصل ہوئے تھے جب مصر میں 41 فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی تھی۔مصر کے صدارتی انتخابات میں سیسی کے علاوہ صرف ایک امیدوار انتخابی میدان میں تھے اور وہ بھی ان کے حامیوں میں سے تھے ۔